بھارتی ریاست مہاراشٹر سے ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ماں کے غصے نے ایک معصوم جان لے لی اور دوسرے بچے کو زخمی کر دیا۔ معمولی سی گھریلو خواہش پر شروع ہونے والی تلخی نے ایک پورا خاندان اندوہناک صورتحال سے دوچار کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون کے بچوں نے کھانے میں سبزی کے بجائے چکن بنانے کی درخواست کی۔ یہ سادہ سی فرمائش ماں کو برداشت نہ ہوئی اور اس نے شدید غصے میں آکر بچوں پر بیلن سے تشدد کرنا شروع کردیا۔
واقعے کے نتیجے میں 7 سالہ بچہ، جس کا نام چِنمَے ڈھمڈے بتایا گیا ہے، جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی 10 سالہ بہن شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کی گئی ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق اہلِ محلہ نے جب بچوں کے شور کی آوازیں سنیں تو فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر خاتون کو حراست میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کیے۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ خاتون، پلّوی گھمڈے، ایک فلیٹ میں اپنے بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔ واقعے کے بعد اس کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک سنگین گھریلو سانحہ ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ ذہنی دباؤ، عدم برداشت اور غصہ کس طرح ایک پرامن ماحول کو لمحوں میں المیے میں بدل سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔