اسلام آباد: دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں گلوبل صمود فلوٹیلا روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا میں40 سے زائد کشتیوں پر 500 بین الاقوامی کارکنان محصور غزہ کے عوام کے لیے امداد لے جارہے تھے، اسرائیل کا انسانی ہمدردی کےکارکنان کو حراست میں لینا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور نہتے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غزہ پر غیر قانونی محاصرہ 2 ملین سے زائد فلسطینیوں کو اذیت اور محرومی میں مبتلا کیے ہوئے ہے، اعلامیے میں کہا گیا کہ امدادی سامان کی راہ میں رکاوٹ چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اعلامیے میں پاکستان نے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا اور غزہ کا غیر قانونی محاصرہ ختم کرنے اور انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل پر زور دیا جب کہ پاکستان نے فلوٹیلا میں سوار تمام کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے عالمی قوانین، انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کے احترام پر زور دیا، اسرائیل کو اس کے بار بار کے جرائم پر جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا جب کہ پاکستان نے آزاد، خودمختار اور قابل عمل ریاستِ فلسطین کے قیام کی حمایت کی ہے جو 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم ہو اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔