آج رات چمکے گا سپر مون، لیکن یہ منظر کتنی دیر تک رہے گا؟

ہماری ویب  |  Oct 07, 2025

پاکستان سمیت دنیا بھر میں رواں سال کا پہلا سُپر مون آج رات آسمان پر اپنی خوبصورتی بکھیرے گا۔ سپارکو کے مطابق سپر مون پاکستانی وقت کے مطابق آٹھ بج کر سینتالیس منٹ پر ظاہر ہوگا۔

سپارکو کے ترجمان نے بتایا کہ سپر مون کے دوران چاند زمین سے تقریباً دو لاکھ چوبیس ہزار پانچ سو ننانوے میل کے فاصلے پر ہوگا جس کی وجہ سے وہ ایک عام مکمل چاند کے مقابلے میں 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق، سپر مون اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب ہوتا ہے جس کے باعث وہ عام چاند کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑا اور زیادہ درخشاں نظر آتا ہے۔

یہ سپر مون سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق کی سمت سے طلوع ہوگا اور طلوعِ آفتاب سے پہلے مغرب میں غروب ہو جائے گا۔ پاکستان کے بیشتر شہروں میں موسم صاف رہنے کی صورت میں اس دلکش نظارے کو باآسانی دیکھا جا سکے گا۔

سپارکو کے مطابق سال 2025 میں کل تین سپر مون نظر آئیں گے۔ آج کا سپر مون ان میں پہلا ہے، جب کہ دوسرا 5 نومبر اور تیسرا 5 دسمبر 2025 کو آسمان پر دکھائی دے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More