وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی دورہ ایران کے بعد مسقط پہنچ گئے

روزنامہ اوصاف  |  Jan 15, 2020

مسقط (ویب ڈیسک) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی دورہ ایران کے بعد مسقط پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے سلطنت عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات کی ہے۔ وزیر خارجہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام، عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے اور ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔ اس موقع پر سلطان ہیثم بن طارق نے کہا کہ عمان حکومت خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ خیال رہے کہ سلطان ہیثم بن طارق کو گذشتہ دنوں طویل عرصے تک عمان کے حکمران رہنے والے سلطان قابوس کے انتقال کے بعد شاہی خاندان کی کونسل نے سلطنت کا نیا سلطان مقرر کیا تھا۔ دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 3 روزہ دورے پر امریکا روانہ ہو گئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نیویارک میں امریکی دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور جنرل اسمبلی کے صدر تجانی محمد سے ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ دورۂ عمان مکمل کر کے واپس وطن پہنچے تھے، انھوں نے اپنے دورہ کے دوران عمان کے سلطان ہیثھم بن طارق السید سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قوم کی طرف سے سابق فرماں روا سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More