اسلام آباد: ایئرپورٹ سے جعلی سفری دستاویزات کے حامل ملزمان گرفتار

ہم نیوز  |  Feb 15, 2020

اسلام آباد: فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کے حامل دو مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ملائیشیا سے اسلام آباد پہنچنے والے شمشیر علی کے پاس جعلی ویزہ تھا۔ مسافر سوات کا رہائشی ہے اور پی کے-895 سے اسلام آباد پہنچا تھا۔ دوران ایمیگریشن مسافر کا ویزہ جعلی نکلا تو ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کا رہائشی کامران علی چین سے اسلام آباد پہنچا تو اس نے ایمیگریشن حکام کے سامنے جنوبی کوریا کا ایمرجنسی پاسپورٹ پیش کیا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ ایمیگریشن حکام نے شک ہونے کی بنیاد پر جب اس کی تلاشی لی تو اس کے قبضے سے تنزانیہ کا جاری کردہ پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔

ابتدائی تفتیش میں ایمیگریشن حکام کے سامنے یہ بات آئی ہے کہ ملزم کامران علی نے 16 لاکھ روپے کے عوض کوریا اور تنزانیہ کی جعلی سفری دستاویزات حاصل کی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے ابتدائی پوچھ گوچھ کے بعد ملزمان شمشیر علی اور کامران علی کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش و تحقیق کی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More