پاکستان میں انٹرنیٹ کےاستعمال میں15 فیصداضافہ

سماء نیوز  |  Mar 26, 2020

پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران انٹرنیٹ کے استعمال میں تقریبا 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام آپریٹروں سے حاصل کی گئی تازہ ترین معلومات جاری کی ہیں جس کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے بعد انٹرنیٹ کے استعمال میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق حالیہ دنوں میں انٹرنیٹ کے استعمال میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس کی وجہ ’گھر سے دفتری کام نمٹانا‘ ہے۔

پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی اور کاروباری اداروں کی آن لائن سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لے رہے ہیں جبکہ کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمین گھر بیٹھ کر آن لائن خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ میڈیا ہاؤسز اور بینکوں نے بھی انتہائی کم اسٹاف کو دفتر آنے کی اجازت دی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ملک میں ضروریات کے مطابق انٹرنیٹ کی سہولت اطمینان بخش ہے۔ پی ٹی اے انٹرنیٹ کے استعمال کا جائزہ لے رہا ہے تا کہ اس مشکل وقت میں صارفین کو تیز رفتار اور موثر ٹیلی کام خدمات کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More