تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ برقرار

اب تک  |  Aug 06, 2020

اسلام آباد: (05 اگست 2020) بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں 15 ستمبر کو اسکول کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔ اجلاس میں کے پی کے حکومت نے تعلیمی ادارے یکم ستمبر سے کھولنے کی تجویز دی تاہم دیگر صوبوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسکولز 15 ستمبر سے ہی کھولنے کی تجویز دی۔

اجلاس میں یہ طے پایا کہ تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں۔ پہلے سینئر کلاسز کو اور پھر جونیئر کلاسز کو شروع کیا جائے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت تعلیم نے ایس او پیز تیار کر کے تمام صوبوں کو بھجوا دی ہیں۔ ملک بھر میں یکساں نصاب پر بھی مشاورت کی گئی اور اس کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ صوبے یکساں نصاب سے متعلق اپنی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے بین الصوبائی وزراء تعلیم فورم کو یکساں تعلیمی نصاب کونسل کے فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ شفقت محمود نے فورم کو بتایا کہ بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کا امتحانات کی اجازت دینے کا فیصلہ بہت مثبت رہا اور اس سے وباء میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا جو بہت خوش آئندہ ہے۔

شفقت محمود نے 7 ستمبر کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لینے کیلئے بیسویں بین الصوبائی وزراء کانفرنس کا اجلاس بلایا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More