مشہور ڈرامہ سیریز "ارطغرل غازی " کا معروف اداکار پاکستان میں

نوائے وقت  |  Sep 16, 2020

ارطغرل غازی میں دوآن الپ کا کردار ادا کرنے والے ترکش اداکار جاوید جیتن گُنیر پاکستان پہنچ گئے، تُرک اداکار جاوید جیتن گُنیر نے اپنے مداحوں کو پاکستان پہنچنے کی اطلاع فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے ذریعے دی۔ جہاں انہوں نے اپنے بورڈنگ پاس کی تصویر شیئر کی جب کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد انہوں نے انسٹاگرام پر ایک موسیقی پروگرام کی ویڈیو بھی اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گڈ مارننگ اسلام آباد۔ ذرائع کے مطابق ترکش اداکار جاوید جیتن گُنیر مصور عباسی ایڈووکیٹ کی درخواست پر دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں وہ مختلف مقامات کا دورہ کریں گے اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ترکش اداکار کی پاکستان آمد پر سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ’ویلکم پاکستان‘ کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گیا جس میں ترکش اداکار جاود چتن گنر کو پاکستانی مداحوں نے ملک میں خوش آمدید کہا اور خوشی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ تُرک سیریز ارطغرل غازی کے کسی کردار نے پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا ہے، جاوید جیتن گُنیر نے ارطغرل غازی میں ارطغرل کے قریبی دوست اور بہادر سپاہی دوآن بے (روشان) کا کردار ادا کیا تھا۔ واضح رہے کہ ترکش ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن التان دزیاتن بھی اگلے ماہ 3 روز کے لیے پاکستان آرہے ہیں، اینگن التان 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے جب کہ ان کے پاکستانی دورے کو جشن ارطغرل کا نام دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More