محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے اگلے سربراہ ہونگے

سماء نیوز  |  Oct 01, 2020

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ ہوں گے، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نیول چیف کے عہدے سے 6 اکتوبر کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔

پاکستان نیوی میں ایڈمرل کے عہدے پر ترقی پانیوالے محمد امجد خان نیازی اپنے کیریئر میں مختلف اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا گیا ہے۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چائنہ سے فارغ التحصیل ہیں۔

امجد خان نیازی اپنے کیریئر کے دوران ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ٹریننگ اینڈ ایوولوشن اور ڈی جی نیول انٹیلی جنس سمیت کئی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ اس وقت کمانڈر پاکستان فلیٹ کے عہدے پر تعینات ہیں۔

اعلیٰ ترین عسکری صلاحیتوں کے مظاہرے پر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو نیول اکیڈمی میں اعزازی شمشیر ملی، سروس کے دوران قابل فخر کارنامے انجام دینے پر انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارۂ بسالت سے بھی نوازا گیا۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی حکومت فرانس کی جانب سے خصوصی تمغہ بھی حاصل کر چکے ہیں، وہ 6 اکتوبر کو نیول چیف کا عہدہ سنبھالیں گے۔

دوسری جانب اپنے عہدے سے سبکدوش ہونیوالے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی ریٹائرمنٹ سے قبل جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کو جی ایچ کیو پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

آرمی چیف نے پاک بحریہ کے سربراہ کی قومی خدمت اور شاندار کیریئر پر تعریف کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More