ایران کے سنیئر ترین نیوکلیئر سائنسدان حملے میں ہلاک

سماء نیوز  |  Nov 27, 2020

ایران نے سینیئر ترین جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کی قاتلانہ حملے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے۔

ایرانی وزارت دفاع کے مطابق ملک کے سب سے سینیئر جوہری سائنسدان اور ریسرچ اینڈ انوویشن آرگنائزیشن کے سربراہ محسن فخری زادے دارالحکومت تہران کے قریب ہونے والے ایک حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر ان کو بچانے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں اور وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تہران کے علاقہ ابسارڈ میں حملہ آوروں نے پہلے ان کی کارد پر دھماکا کیا اور اس کے بعد فائرنگ کردی۔ عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ تین سے مبینہ حملہ آور بھی واقعے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے جوہری سائنسدان کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ قاتلانہ حملے میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے اشارے ملے ہیں۔ جواد ظریف نے اسے ریاستی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اسرائیل جنگ کیلئے کتنا بیتاب ہے۔

اسرائیل نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے الزامات پر تاحال کوئی موقف نہیں دیا جبکہ امریکی محکمہ دفاع نے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق مغربی ممالک کی انٹیلیجنس ایجنسیاں فخری زادے کو ایران کے خفیہ جوہری اسلحے کے پروگرام کا ماسٹر مائنڈ کہتی رہی ہیں۔ کئی ممالک کے سفارتکاروں نے انیں ’ایران کے بم کا باپ‘ بھی قرار دیا تھا۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایرانی سائنسدان کے قتل کا بدلہ لیں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارہ ( بی بی سی) نے محسن فخری زادے کی زندگی پر مختصر رپورٹ مرتب کی ہے جس کے مطابق مغربی ممالک کے خفیہ ادارے انھیں انتہائی با اثر اور ایران کے جوہری پروگرام کا باپ سمجھتے تھے۔

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو نے مئی 2018 میں ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے خاص طور پر محسن فخری زادے کا ذکر کیا۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے 2015 میں ان کا موازنہ جے رابرٹ اوپن ہائیمر سے کیا تھا۔ اوپن ہائیمر منہیٹن پروجیکٹ ڈائریکٹ کے ڈائریکٹر تھے جس نے دوسری جنگ عظیم کے دوران پہلے جوہری ہتھیار بنائے تھے۔

واضح رہے کہ 2010 سے 2012 کے درمیان چار ایرانی سائنسدانوں کو قتل گیا تھا اور ایران ان کے قتل میں اسرائیل کے ملوث ہونے کا الزام لگاتا رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More