پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کولاہور جلسے کی اجازت دینے سے انکار

سماء نیوز  |  Dec 01, 2020

فوٹو : آن لائن

لاہور کی ضلعی انتظاميہ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو 13 دسمبر کے جلسے کی اجازت دينے سے انکار کرديا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر شدید تر ہوتی جارہی ہے، ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر ڈھائی ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام ف سمیت ملک کی 11 اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے حکومت کی جانب سے کرونا وائرس پھیلنے کے انتباہ کے باوجود 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اگلا جلسہ 13 دسمبر کو لاہور میں کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر کسی کو بھی جلسے کی اجازت نہیں ہے، کروناوائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے اجازت نہیں دی جاسکتی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں کئی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، مارکیٹیں، بازار اور پارکس مقررہ اوقات سے قبل ہی بند کردیئے جاتے ہیں جبکہ کسی بھی طرح کے مذہبی و سیاسی اجتماع پر بھی پابندی عائد ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 66 افراد کرونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 458 افراد میں مرض کی تصدیق ہوئی ہے، ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More