کرپشن، خراب کارکردگی پر پکڑاجانیوالا افسرنوکری سے جائیگا، وزیراعظم

سماء نیوز  |  Dec 04, 2020

فوٹو: ٹویٹر

وزيراعظم نے دو ٹوک انداز ميں بتاديا کہ افسر شاہی اب نہيں چلے گی، کرپشن اور خراب کارکردگی پر جو بھی پکڑا گيا، اس کا تبادلہ نہيں ہوگا وہ نوکری سے جائے گا۔ عمران خان نے سروسز ريفامز لانے کا اعلان کردیا، بولے کہ نيا بلدياتی نظام لارہے ہيں، جس سے انقلابی تبديلی آئے گی، کچرے سے سيوريج تک ہر مسئلے کا حل بلدياتی حکومت کرے گی۔

اسلام آباد میں سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سرکاری افسران کو واضح الفاظ میں خبردار کردیا۔  وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر کوئی اعلیٰ افسر پیسوں کا مطالبہ کرے تو پورٹل پر شکایت کریں، ہم اس کیخلاف ایکشن لیں گے، افسر شاہی مزيد برداشت نہيں کی جائے گی، کرپشن اور خراب کارکردگی پر پکڑے جانے والوں کو معطل نہیں کریں گے اب ان کی نوکری جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیٹیزن پورٹل کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دو سال کے دوران 30 لاکھ شہریوں نے پورٹل کا استعمال کیا، سٹیزن پورٹل پر مختلف اداروں کی نشاندہی کی گئی۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ میونسپل کے بارے میں زیادہ شکایات سے لگتا ہے کہ بلدیاتی نظام درست نہیں ہے، نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں، جس سے انقلابی تبديلی آئے گی، نئے نظام کے تحت فنڈز براہ راست دیئے جائيں گے، نئے بلدياتی نظام کے تحت عوام بااختيار ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل حل کرے، فلاحی ریاستوں میں غریبوں اور یتیموں کا خاص خیال رکھا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد حکومت کرنیوالوں کی ذہنیت تبدیل نہیں ہوئی، انگریزوں کے جانے کے بعد یہاں کے حکمرانوں نے بھی عوام کو اپنا غلام سمجھا، ترقی یافتہ ملکوں میں تمام شہریوں کے حقوق یکساں ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More