کثیر ملکی عسکری مشق ”ایسز میٹ 1-2021“ اختتام پزیر ہوگئی

بول نیوز  |  Apr 08, 2021

دو ہفتوں پر محیط کثیر ملکی عسکری مشق ”ایسز میٹ 1-2021“ پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر اختتام پذیر ہوگئی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس سلسلے میں اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی ائیر کموڈور علی نعیم ظہور، بیس کمانڈر پی اے ایف بیس مصحف  تھے جبکہ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر عزت مآب نواف سعید المالکی نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی۔

مشقوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاک فضائیہ کو کاؤنٹر ٹیررزم کے حوالے سے اپنے تجربات میں سعودی اور امریکی فضائیہ کو شریک کرنے پر انتہائی مسرت ہے، اس کے ساتھ ساتھ عسکری مشق ایسز میٹ نے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مشقوں کے کامیاب اور بامعنی انعقاد سے ہم نے اپنے اس عزم کا بھرپور اعادہ کیا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود ہم دوست اور اتحادی ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر عزت مآب نواف سعید المالکی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ کووڈ 19 صورتحال کے باوجود کامیاب عسکری مشقوں کے انعقاد پر پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی مشقیں شرکاء کی پیشہ وارانہ مہارت اور رفاقت میں اضافہ کا باعث ہوتی ہیں۔ امریکی ائیر اتاشی کرنل والن ڈیوڈ نے بھی مشقوں کی کامیاب تکمیل پر پاک فضائیہ کو مبارکباد دی۔

ایسز میٹ 1-2021 مشقوں میں پاک فضائیہ، امریکی فضائیہ اور سعودی فضائیہ نے بھرپور گرمجوشی سے حصہ لیا جبکہ مصر، اردن اور بحرین کی فضائیہ کو بطور مبصر ان مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More