ایران کا یورینیم افزودگی 60فیصد تک کرنے کا اعلان

سماء نیوز  |  Apr 14, 2021

ایران نے یورینیم افزودگی 60 فی صد تک کرنے کا اعلان کردیا۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اعلیٰ مذاکرات کار عباس عراقچی نے منگل کے روز کہا ہے کہ ویانا میں قائم جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے) کو بدھ سے یورینیم کو 60 فی صد تک افزودہ کرنے کا عمل شروع کرنے کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ اعلان ویانا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونیوالے پہلے سے طے شدہ مذاکرات سے صرف ایک روز قبل کیا ہے۔

ان مذاکرات میں 2015ء میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی پر غور کیا جائے گا۔

ایران نے اسرائیل پر گزشتہ اتوار کو نطنز میں واقع اپنی جوہری تنصیب پر حملے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایرانی حکام نے اس واقعے کو ’’جوہری دہشت گردی‘‘ قرار دیا ہے اور اس کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے فروری میں کہا تھا کہ اگر ملک کو ضرورت پیش آئی تو یورینیم کو 60 فی صد تک افزودہ کیا جاسکتا ہے۔

ایران کو 6 عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری سمجھوتے کے تحت صرف 3.67 فیصد تک افزودہ کرسکتا ہے، یہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کیلئے درکار 90 فیصد افزودہ یورینیم سے کہیں کم سطح ہے۔

آئی اے ای اے نے دو ماہ قبل اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ایران نے جوہری سمجھوتے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس نے اپنے ایک زیر زمین پلانٹ میں جدید سنیٹری فیوجز مشینوں پر بڑے پیمانے پر یورینیم کی افزودگی شروع کررکھی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More