پنجاب بجٹ 22-2021: ترقیات کیلئے 66 فیصد اضافی رقم مختص

سماء نیوز  |  Jun 14, 2021

وزیرخزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے پنجاب کا آئندہ مالی سال کا 2653 ارب روپے کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کردیا۔

پنجاب کے 22-2021ء کیلئے پیش کئے گئے بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کیلئے 560 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، سوشل سیکٹر یعنی تعلیم و صحت کیلئے 205 ارب 50 کروڑ، انفرااسٹرکچر کیلئے 145 ارب 40 کروڑ اور اسپیشل پروگرام کیلئے 91 ارب 41 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس سال ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کےمقابلے میں 66 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، یہ غیرمعمولی اضافہ ہماری ترقیاتی ترجیحات کا آئینہ دار ہے اور یہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی ترقی، معشیت کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔

پیداواری شعبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہاشم جواں بخت نے کہا کہ صنعت، زراعت، لائیواسٹاک اور جنگلات کیلئے 56 ارب 90 کروڑ مختص کیے گئے ہیں جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 234 فیصد زیادہ ہے، تعلیم کیلئے 442 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو کہ گزشتہ سال سے 51 ارب روپے زیادہ ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ تعلیم ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے اور رواں سال تعلیم کے شعبہ میں فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

ملازمین کی کم سے کم اجرت 20 ہزار مقرر

 صوبائی وزیر خزانہ نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کرونا وباء کے سبب معیشت کی صورتحال غیر یقینی تھی جس کے باعث سرکاری ملازمین کی تنخواں اور پنشن میں اضافہ نہ ہوسکا، اب چونکہ معیشت میں بہتری نظر آرہی ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا، اسی طرح مزدوروں کی کم سے کم اجرت 17 ہزار 500  روپے ماہانہ سے بڑھا کر 20 ہزار  روپے مقرر کی جارہی ہے۔

ہاشم جواں بخت نے مزید بتایا کہ صحت کے شعبہ کیلئے مجموعی طور پر 370 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے جارہے ہیں، شعبہ صحت کے ترقیاتی پروگرام کا مجموعی بجٹ 96 ارب روپے ہے جو کہ رواں مالی سال کے مقابلے میں 182 فيصد زائد ہے۔

وزیر خزانہ پنجاب کا کہنا ہے کہ مالی سال 22-2021ء کیلئے تعلیم کا مجموعی بجٹ 442 ارب روپے ہوگا، ترقیاتی اخراجات کیلئے 54 ارب 22 کروڑ روپے جبکہ جاری اخراجات کیلئے 388 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 25 فیصد یعنی 8 ہزار 360 پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری اسکول کا درجہ دیا جارہا ہے، اسکولز کی اپ گریڈیشن کی مد میں آئندہ سال کے بجٹ میں 6 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More