کشمیر پریمیئر لیگ کیخلاف بھارتی سازشیں بے نقاب

سماء نیوز  |  Jul 31, 2021

فوٹو: ٹوئٹر

کشمیر پریمیئر لیگ کے خلاف مودی حکومت کی سازشیں افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے بے نقاب کردیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی معاملے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ارکان کے ذاتی معاملات میں مداخلت کی، اس معاملے کو آئی سی سی کے مناسب فورم پر اٹھائیں گے۔

ساؤتھ افریقن کرکٹر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کھیل میں سیاسی ایجنڈا لانا غیر ضروری ہے، بھارتی بورڈ نے دباؤ ڈال کر انہیں کے پی ایل میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کی جانب سے دھمکیاں بھی دی گئیں کہ انہیں آئندہ بھارت داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان خبروں پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کے متعدد ممبران کو بلا کر انہیں اپنے ریٹائرڈ کرکٹرز کو کشمیر پریمیئر لیگ سے واپس لینے پر مجبور کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کے متعدد ممبران کو وارننگ جاری کرتے ہوئے اپنے ریٹائرڈ کرکٹرز کو کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روک کر کھیل کو بدنام کیا ہے بلکہ بی سی سی آئی نے مزید دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کو کرکٹ سے متعلق کام کیلئے بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بی سی سی آئی کی جانب سے اس طرح کا طرز عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، ایسے طرز عمل کو نا تو برداشت کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔

پی سی بی اس معاملے کو آئی سی سی کے مناسب فورم پر اٹھائے گا بلکہ آئی سی سی چارٹر کے مطابق مزید کارروائی کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا یہ ‏پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو اپنی مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو۔ ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے۔

پاکستان پڑوسی ملک کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے جبکہ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہی ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More