جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے دوران پانچ دہشتگرد، سات اہلکار ہلاک

اردو نیوز  |  Sep 15, 2021

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ضلع جنوبی وزیرستان  ایک آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

بدھ کو جاری کیے بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سات فوجی اہلکار بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں باقی رہ جانے والے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ افغانستان کی سرحد کے ساتھ لگنے والے سابق قبائلی علاقوں میں پاکستان کی فوج دہشت گردوں کے خلاف وقتا فوقتا آپریشنز کرتی رہتی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کرنے والے چار دہشت گرد جوابی کارروائی میں ہلاک ہوئے ہیں۔

دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں چار فوجی اہلکار بھی مارے گئے تھے۔ 

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جنوبی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں فوج کے جوانوں کے جانی نقصان کی اطلاع پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More