وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی روانہ ، جدید سرکلر ریلوے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

اے پی پی  |  Sep 27, 2021

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی روانہ ہو گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فوادحسین، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کراچی میں جدید سرکلر ریلوے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔

وفاقی حکومت کے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جدت دینے کے ویژن کے تحت کراچی سرکلر ریلوے کو نہ صرف بحال کیا جا رہا ہے بلکہ موجودہ نظام کو وسعت اور جدت دینے کیلئے ایک بڑے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جارہا ہے۔

جدید سرکلر ریلوے کے سٹیشنز رہائشی، صنعتی اور دفتری علاقوں کو ملائیں گے جس سے کراچی میں نہ صرف ٹریفک کا بہاؤ کم ہوگا بلکہ روزگار کیلئے سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت ہوگی۔ 207 ارب کی مجموعی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں بجلی سے چلنے والی ٹرینیں شامل کی جائیں گی جس سے آلودگی کو کم کرنے میں معاونت ملے گی۔ بعدازاں وزیرِ اعظم گورنر ہاؤس کراچی میں اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More