ڈائریکٹر جنرل آئی۔ایس۔آئی کی تعیناتی پرگفتگو، عامرڈوگر سے وضاحت طلب

سماء نیوز  |  Oct 14, 2021

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کی تعیناتی سے متعلق ٹی وی پروگرام میں سیاق و سباق سے ہٹ کر گفتگو کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے قومی اسمبلی میں پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے وضاحت طلب کرلی۔

سماء ٹی وی کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں عامر ڈوگر نے آئی ایس آئی چیف کی تعیناتی سے متعلق کئی اہم معاملات پر بات کی تھی۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں کہا کہ آرمی چیف کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے، ان ناموں میں سے وزیراعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی منظوری دیں گے۔

سماء ٹی وی پر عامر ڈوگر کے انٹرویو پر اعلیٰ حکومتی شخصیات اور سینیئر پارٹی قیادت ناراض ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کا مؤقف ہے کہ عامر ڈوگر کو قومی سلامتی کے امور پر محتاط رویہ اختیار کرنا چاہئے تھا، قومی سلامتی پر سول و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ عامر ڈوگر کے انٹرویو سے سیاسی سطح پر غلط تاثر پیدا ہوا۔ قیادت کا کہنا ہے کہ اجلاسوں کی تفصیلات فراہم کرنا وزارت اطلاعات اور ترجمانوں کا کام ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے آج اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا ہے، پاک فوج میں نئی تقرری کے طریقۂ کار پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے اور ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More