ایڈمنسٹریٹرشرقی کی یادگارشہدائے نشترپارک کی تعمیرمیں معاونت کی یقین دہانی

سماء نیوز  |  Oct 14, 2021

جشن عید میلاد النبی ﷺ پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شعیب احمد ملک نے نشتر پارک، فیضان مدینہ و دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ جماعت اہل سنت کے منتظمین نے شہدائے نشتر پارک کی یادگار بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی نے انہیں معاونت کی یقین دہانی کرادی۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شعیب احمد ملک نے ایگزیکٹو انجینئر ایم اینڈ ای امتیاز بھٹو، ایگزیکٹو انجینئر بی اینڈ آر جمشید زون سلمان میمن  و دیگر افسران کے ہمراہ  نشتر پارک، فیضان مدینہ اور لائنز ایریا میں ربیع الاول اور جشن عیدمیلاد النبیؐ کے حوالے سے فراہم کی جانیوالی بلدیاتی خدمات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔

نشتر پارک کے دورے کے دوران انہوں نے مرکزی نوعیت کی محفل کے حوالے سے کئے جانیوالے بلدیاتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور موجود افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی نے جماعت اہل سنت کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور بلدیاتی کاموں کی بابت پوچھا، جس پر منتظمین نے اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں بتایا کہ وہ شہدائے نشتر پارک کے حوالے سے یادگار بنانا چاہتے ہیں، جس پر شعیب احمد ملک نے انہیں یادگار کی تعمیر میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے لائنز ایریا و گرد و نواح میں مساجد و دیگر مقامات پر بلدیاتی خدمات کا بھی جائزہ لیا، بعد ازاں وہ دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ پہنچے اور وہاں منتظمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے افسران کو فیضان مدینہ سمیت محافل کے منتظمین سے رابطے میں رہنے اور مسائل کی نشاندہی پر ان کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شعیب احمد ملک نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کوشاں ہیں کہ بہتر سے بہتر بلدیاتی خدمات سر انجام دیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More