عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور آئندہ سال اپریل میں شادی کر رہے ہیں؟

اردو نیوز  |  Nov 10, 2021

آج کل بالی وڈ میں سلیبریٹیز کی شادیوں کے حوالے سے خبریں کافی گرم ہیں، اگرچہ ان خبروں کی باضابطہ تصدیق تو نہیں ہو سکی لیکن پھر بھی کچھ جوڑیوں کے بارے میں چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ جلد ہی رشتہ ازواج میں منسلک ہو جائیں گی۔

کترینہ کیف اور وکی کوشال کی رواں سال دسمبر میں شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم کترینہ نے ان کی تردید کی۔

اب رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے حوالے سے بھی انڈین میڈیا میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شاید وہ آئندہ سال 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

انڈیا کی انٹرٹینمنٹ خبروں کی ویب سائٹ ای ٹائمز کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ دیوالی کے موقع پر کالی پوجا پنڈال میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ خوبصورت جوڑی جس نے رواں سال شادی کرنا تھی، شاید آئندہ سال شادی کے بندھن میں بندھ جائیں۔

گذشتہ سال ایک انٹرویو میں رنبیر کپور نے یہ انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ عالیہ سے شادی کر لیتے اگر وبا درمیان میں نہ آتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنا یہ مقصد جلد مکمل کریں گے۔

یہ بھی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ یہ جوڑی اس سال دسمبر میں شادی کرلے گی تاہم اب ایسا لگ رہا ہے کہ ان کے مداحوں کو تھوڑا اور انتظار کرنا پڑے گا۔

اگرچہ اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جوڑی آئندہ سال اپریل میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گی۔

عالیہ اور رنبیر کے لیے اگلے چند ماہ بہت مصروف ہیں کیونکہ دونوں ہی اپنی فلموں کی شوٹنگ اور پروموشنز میں مصروف ہوں گے۔

دونوں ایک ساتھ فلم براہمسترا میں نظر آئیں گے، اس کے علاوہ عالیہ بھٹ کی گنگو بائی کاٹھیاواڑی، آر آر آر، ڈارلنگز، روکی اور رانی کی پریم کہانی بھی ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ دونوں کا پلان ہے کہ وہ پہلے اپنا کام مکمل کریں گے اور پھر آرام سے شادی کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More