پہلا ٹی20 انٹرنیشنل: کیا بنگالی بولنگ بابر اور رضوان کو روک پائے گی؟

اردو نیوز  |  Nov 19, 2021

تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آج پاکستان اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعہ کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں 12 ہزار پانچ سو سے زائد کرکٹ شائقین ٹی 20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی مشہور کور ڈرائیوز سے محظوظ ہو سکیں گے۔

پانچ سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان بنگلہ دیش میں کوئی دو طرفہ سیریز کا میچ کھیلے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل 12 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

جن میں سے 10 میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ دو میں بنگلہ دیش کامیاب رہا۔

بنگلہ دیش نے جن دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی وہ دونوں اسی کی سرزمین پر کھیلے گئے تھے۔ لہٰذا اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گئے چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف جیت کا تناسب 50 فیصد ہے۔

دوسری جانب کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے لیے 12 رکنی قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، خوشدل شاہ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک۔

بنگلہ دیش نے آج تک صرف دو میچز میں پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)شعیب ملک اس طرز کی کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جانب سے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔ وہ حریف ٹیم کے خلاف 34.66 کی اوسط سے 208 رنز بنا چکے ہیں، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم ٹی 20 میچز کی صرف 62 اننگز میں دنیا کے تیز ترین 2500 رنز بنانے والے بیٹمسین بن گئے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کے وراٹ کوہلی نے 68 اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کر رکھا تھا۔

دوسری جانب محمد رضوان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 23 میچز میں 86.08 کی اوسط سے 1033 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس میں ان کی ایک سنچری اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More