نادرا میں 2ہزار ٹرانس جینڈر رجسٹرڈ ہوچکے، وزارت انسانی حقوق

سماء نیوز  |  Dec 01, 2021

ڈائریکٹر جنرل وفاقی وزارت انسانی حقوق محمد ارشد نے کہا ہے کہ خواجہ سراؤں کو وراثتی حق، روزگار اور تعلیم سمیت دیگر حقوق کی فراہمی کیلئے تمام اداروں کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نادرا ٹرانس جینڈر پرسنز کی رجسٹریشن کررہا ہے، اب تک 2 ہزار خواجہ سراؤں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا۔

کوئٹہ میں پولیس افسران کی ٹرانس جینڈر پرسنز ایکٹ 2018ء پر تربیتی ورکشاپ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل وفاقی وزارت انسانی حقوق محمد ارشد کا کہنا ہے کہ خواجہ سراء معاشرے کا مظلوم طبقہ جسکی فلاح کیلئے ہمیں اقدامات کی ضرورت ہے۔ خواجہ سراؤں کیلئے حفاظتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں، ٹرانس جینڈر ایکٹ 2018ء سے متعلق پولیس افسران کو آگاہی فراہم کرنے کا مقصد خواجہ سراؤں کیلئے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

وفاقی وزارت انسانی حقوق، حقوق پاکستان اور یورپی یونین کے زیر اہتمام پولیس افسران کیلئے ٹرانس جینڈر پرسنز ایکٹ 2018ء سے متعلق تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل وفاقی وزارت انسانی حقوق محمد ارشد، ریجنل ڈائریکٹر دانیال سرور خان، ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان شبیر، ٹرانس جینڈر ایکسپرٹ ریم شریف اور پولیس افسران نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران ٹرانس جینڈر ایکسپرٹ برائے وفاقی وزارت انسانی حقوق ریم شریف نے شرکاء کو ٹرانس جینڈر پرسنز ایکٹ کے حوالے سے آگاہی دی۔

اس موقع پر وفاقی وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر جنرل ایچ آر محمد ارشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ 2018ء کے حوالے سے پولیس افسران کو آگاہی فراہم کرنے سے ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا ٹرانس جینڈر پرسنز کی رجسٹریشن کررہی ہے تاہم اب تک 2 ہزار خواجہ سراؤں کو رجسٹرڈ کیا گیا، تاہم مختلف اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کی کل تعداد 50 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل محمد ارشد نے مزید کہا کہ خواجہ سراؤں کو وراثتی حق، روزگار، اور تعلیم سمیت  دیگر حقوق کی فراہمی کیلئے تمام اداروں کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں، خواجہ سراء معاشرہ کا مظلوم طبقہ ہیں، جس کی فلاح کیلئے ہمیں اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں کیلئے حفاظتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں، ٹرانس جٰنڈر ایکٹ 2018ء سے متعلق پولیس افسران کو آگاہی فراہم کرنے کا مقصد خواجہ سراؤں کیلئے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

ورکشاپ کے دوران ڈی جی وفاقی وزارت انسانی حقوق اور ٹرانس جینڈر ایکسپرٹ ریم شریف نے پولیس افسران کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ ورکشاپ کے اختتام پر ریجنل ڈائریکٹر وفاقی وزارت انسانی حقوق دانیال سرور خان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More