دکن گلیڈی ایٹرز نے ابوظہبی ٹی ٹین کا  ٹائٹل جیت لیا

بول نیوز  |  Dec 05, 2021

دکن گلیڈی ایٹرز نے دہلی بلز کو 56 رنز سے شکست دے کر اپنا پہلا ابوظہبی ٹی ٹین ٹائٹل جیت لیاہے۔

تفصیلات کے مطابق ابتدائی بلے بازوں آندرے رسل اور ٹام کوہلر کیڈمور نے دکن گلیڈی ایٹرز کے لیے بلا نقصان 159 رنز کا بڑا ٹوٹل بنایا۔

 دہلی بلز اپنے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹیں گنوا کر 103 رنز جوڑ سکی۔

 چندرپال ہیمراج نے بلز کے لیے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا انھوں نے رسل کو پانچویں اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا،ہیمراج نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن کریز پر ان کا قیام اس وقت ختم ہو گیا جب وہ چھٹے اوور میں وینندو ہاسرنگا کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔

 ہیمراج کے جانے کے بعد دکن گلیڈی ایٹرز اپنے مخالفین پر دباؤ ڈالتے رہے اور آخر کار چیمپئین بن کر میدان سے باہر آئے۔

اوڈین اسمتھ، وینندو ہسرنگا اور تیمل ملز نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 اس سے قبل آندرے رسل اور ٹام کوہلر کیڈمور نے ابوظہبی ٹی ٹین  کی تاریخ میں سب سے زیادہ شراکت کا ریکارڈ قائم کیا۔

ابتدائی بلے بازوں نے 10 اوورز میں159 کی دھماکہ خیز شراکت داری کی۔

آندرے رسل نے 32 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد رہی، ان کا ٹام کوہلر کیڈمور نے بھرپور ساتھ دیا جنہوں نے 28 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔

 کوہلر کیڈمور نے اپنی اننگز کے دوران 3 چوکے اور 5 چھکے لگائے،رسل نے ڈومینک ڈریکس کا مقابلہ کرتے ہوئے تیسرے اوور میں دو چھکے لگائے اور پھر پانچویں اوور میں ڈوین براوو کے اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

ویسٹ انڈین نے روماریو شیفرڈ کو آٹھویں اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا بھی مارا۔

 کوہلر کیڈمور نے بھی آخری اوور میں براوو کی گیند پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا جس سے گلیڈی ایٹرز کو ناقابل شکست ٹوٹل بنانے میں مدد ملی۔

ٹورنامنٹ میں 6 وکٹیں لینے والے دہلی بلز کے شیراز احمد نے یو اے ای پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا جب کہ ڈومینک ڈریکس نے بالر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز پایا۔

 دہلی بلز کے اسپیڈسٹر نے ابوظہبی ٹی ٹین  میں 19 وکٹیں حاصل کیں۔

 رحمان اللہ گرباز نے بیٹر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا،دہلی بلز کے بلے باز نے ٹورنامنٹ میں 343 رنز بنائے۔

 وینندو ہسرنگا کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، دکن گلیڈی ایٹرز کے لیگ اسپنر بھی 21 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔

Square Adsence 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More