جاوید میانداد بول نیوز پر پی ایس ایل کی سب سے بڑی نشریات ’کھیل کا جنون‘ کا حصہ بن گئے

بول نیوز  |  Jan 24, 2022

پاکستان کا نمبر ون نیوز چینل ’بول‘ پی ایس ایل 7 کی سب سے بڑی نشریات لانے کی تیاری کررہا ہے جس میں لیجنڈری کرکٹر اپنی ماہرانہ رائے سے آگاہ کریں گے جب کہ کرکٹ پر تجزیے اور تبصروں کا یہ سلسلہ پورے ایونٹ میں جاری رہے گا۔

پی ایس ایل 7 کی سب سے بڑی ٹرانسمیشن ’کھیل کا جنون‘ میں کرکٹ کے دیوانوں کو پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کے قیمتی تجزیے سننے کو ملیں گے اور وہ ہر میچ میں ٹیموں کے تقابلی جائزے سمیت کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھی اپنے ماہرانہ تبصرے پیش کریں گے۔

12 جون 1957 کو کراچی میں پیدا ہونے والے جاوید میانداد نے 1976 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا اور انہوں نے 124 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے  52.57 کی اوسط سے 8 ہزار 832 رنز بنائے جو ایک قومی ریکارڈ تھا جسے بعد ازاں سابق کپتان یونس خان توڑنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کے سب سے کمر عمر کپتان کا اعزاز پانے والے لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے ٹیسٹ کیریئر میں 23 سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں اسکور کیں جب کہ 233 ایک روزہ میچوں میں وہ 7 ہزار 381 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس میں 8 سنچریاں اور 50 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

جاوید میانداد نے 18 اپریل 1986 کو شارجہ میں بھارت کے خلاف میچ کی آخری گیند پر زور دار چھکا لگاکر کرکٹ کی تاریخ میں بہت کچھ بدل دیا تھا اور اس چھکے نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا جسے آج تک لوگ یاد رکھے ہوئے ہیں۔

جاوید میانداد نے ’بول نیوز‘ سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا ہے کہ کیوں اس میں ایک گیند پر بازی پلٹ سکتی ہے اور ہر ٹیم میں غیر ملکی کھلاڑی موجود ہیں جب کہ مقامی کھلاڑیوں کو بھی ایک لمبی فہرست ہے جو اچھا میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل 6 میں بھی سب نے دیکھا جو ٹیم شروع میں سب سے آخر میں تھی بعد میں وہی چیمپئن بن کر سامنے آئی جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہر اوور میں مخالف ٹیم کو موقع ملتا رہتا ہے ، بس فرق یہ ہے کہ کون سی ٹیم اس سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہوتی ہے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کرکٹ کو بہت پسند کرتی ہے اور اس ملک نے عمران خان ، وسیم اکرم سمیت بہت بڑے بڑے نام پیدا کیے ہیں اور اب ہماری کرکٹ بہت زیادہ ہوگئی ہے جب کہ نیا ٹیلنٹ بھی بہت کھل کر سامنے آرہا ہے۔

لیجنڈری کرکٹر نے بول نیوز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے ایک منفرد اور یادگار تجربہ ہوگا۔

Square Adsence 300X250
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More