جو مرضی کرلیں الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے: مریم اورنگزیب

اردو نیوز  |  May 22, 2022

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خونی مارچ نہیں ہونے دیں گے ہر آئینی طریقہ اپنائیں گے اور لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے مشاورت کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد ایک بیان اور مقامی میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’الیکشن کرانے کا اختیار اب ہمارا ہے، جو مرضی کرلیں الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے۔‘

’عمران خان جب وزیراعظم تھے تب اسمبلی تحلیل کر کے الیکشن کیوں نہیں کرائے۔ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو اس کے بعد کہا اسمبلی تحلیل کرتا ہوں، عمران خان کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے، الیکشن کرانے کا آئینی اختیار اب ہمارا ہے، ہم جب چاہیں گے تب الیکشن کرائیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ پہلے بھی 126 دن بیٹھے تھے کیا لے کر گئے تھے، یہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے لانگ مارچ کر رہے ہیں، شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کیا جائے گا۔‘

اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ’اس پر مشاورت کریں گے، ہر وہ اقدام اٹھایا جائے گا جس سے عوام کو ان کے شر سے بچایا جائے۔‘

’انہوں نے خونی مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے۔ یہ ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، یہ وہ جتھا ہے جو غنڈا گردی اور ملک میں انتشار پھیلانے آ رہا ہے، یہ ایک ٹانگ پر آئیں یا دو ٹانگوں پر آئیں، لیکن الیکشن تب ہوں گے جب ہم چاہیں گے۔ یہ پرامن احتجاج نہیں ہے، انہوں نے خود کہا یہ خونی مارچ ہے۔‘

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پرامن احتجاج سب کا حق ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھنے لگتا ہے، فتنہ خان اپنا جتھہ لے کر پاکستان پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔ 22 کڑوڑ عوام کی تقدیر کے فیصلے جتھوں اور فتنہ بازوں کے ہاتھ میں نہیں دے سکتے۔ اب اس پاکستان دشمنی کے خلاف ڈٹ جانے کا وقت آ گیا ہے۔ ڈٹ جانا چاہیے۔‘

جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھنے لگتا ہے، فتنہ خان اپنا جتھہ لے کر پاکستان پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔ 22 کڑوڑ عوام کی تقدیر کے فیصلے جتھوں اور فتنہ بازوں کے ہاتھ میں نہیں دے سکتے۔ اب اس پاکستان دشمنی کے خلاف ڈٹ جانے کا وقت آ گیا ہے۔ ڈٹ جانا چاہیے۔

— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 22, 2022

قوم  یہ سازش ناکام بنا دے گی، شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’عمران نیازی نے اس قوم کو اخلاقی طور پر تباہ کردیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’عمران خان اگر خدانخواستہ ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے، قوم  یہ سازش ناکام بنا دے گی۔‘

لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے دورے کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کر تے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’قوم اسے نہیں چھوڑے گی، یہ قوم عمران نیازی کو معاف نہیں کرے گی، تمہارا گریبان ہوگا اور اس قوم کا ہاتھ ہوگا۔‘

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’عمران نیازی نے اس قوم کو اخلاقی طور پر تباہ کردیا ہے، جو الفاظ انہوں نے استعمال کیے اس سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے، عمران خان نے اخلاقیات اور سماج کو تباہ کر دیا ہے۔‘

’عمران نیازی دن رات نیب پر سوار رہتا تھا۔ میں کوٹ لکھپت جیل آیا تو کہا گیا کہ شہباز شریف کو زمین پر سلاؤ،  مجھے بکتر بند گاڑی میں بٹھایا تاکہ ہچکولے لگیں اور کمر میں درد ہو۔ میں نے 2018 میں کہا تھا کہ چارٹرآف اکانومی کریں، لیکن اسے حقارت سےٹھکرا دیا گیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More