آئی ایم ایف پروگرام ملتوی ہونے کی خبروں میں حقیقت نہیں: وزیر خزانہ

اردو نیوز  |  Jul 04, 2022

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن قانون پر آئی ایم ایف پروگرام ملتوی ہونے کی خبروں میں حقیقت نہیں ہے۔

سوموار کو وزیر خزانہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں اینٹی کرپشن قانون کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام کے ملتوی یا اس میں تاخیر کی ٹویٹس اور خبروں سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام ٹریک پر ہے۔‘

اس سے قبل سنیچر کو پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر کے لیے تگنی کا ناچ نچا رہا ہے۔

رانا ثنااللہ نے پولیس لائن اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایک یا ڈیڑھ ارب ڈالر کے لیے ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اپنی بھرپور کوشش کی کہ ہم تیل کی قیمتیں نہ بڑھائیں۔‘

’ملک کو اگر اگلے تین مہینوں میں نگران حکومت کے حوالے کر دیں تو جو ملک کی معاشی صورتحال ہے، معاشی ماہرین کہہ رہے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر صحیح طریقے سے بات چیت نہیں ہوئی تھی۔

’سابق حکومت نے معاہدہ غلط کیا اور دیر سے کیا اور اس کے بعد عملدرآمد میں خامیاں چھوڑی گئیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More