پری بکنگ کے نئے ریکارڈ: ’اپنی بیوی کے ساتھ پہلے ’پٹھان‘ دیکھو پھر ہنی مون پر جانا‘

بی بی سی اردو  |  Jan 25, 2023

بالی وڈ ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ آج (25 جنوری) دنیا کے مختلف ممالک اور پلیٹ فارمز پر ریلیز ہو رہی ہے اور ریلیز سے قبل ہی اسے بزنس کے معاملے میں ’انتہائی کامیاب‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

انڈیا کے مقامی میڈیا کے مطابق ’پٹھان‘ نے ’پری بکنگ‘ کے نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔

لیکن جب اس کا ایک پروموشنل گیت ’بے شرم رنگ‘ ریلیز ہوا تھا تو اسے مخصوص طبقے کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ’بائیکاٹ پٹھان‘ کا ہیش ٹیگ وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتا رہا ہے۔

یہاں تک کہ شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔

لیکن اس سب کے باوجود شاہ رخ خان اپنے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں اور ان کے ساتھ مختصر گفت و شنید بھی کر رہے ہیں۔ گذشتہ رات انھوں نے ایک مختصر چیٹ کے دوران تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ’پٹھان‘ کی حمایت کی۔

انھوں نے لکھا: ’پٹھان کو اتنا پسندیدہ بنانے کے لیے آپ سب کو ایک بڑی سی جھپی۔ ان سب کا شکریہ جنھوں نے اس پر ڈانس کیا، اس کے کٹ آؤٹس لگائے، ٹکٹ خریدے، تمام فین کلبز، ٹی شرٹ بنائے، دعائیں کیں، مسائل کو سلجھانے میں مدد کی اور اسے ایک جشن بنا دیا۔‘

https://twitter.com/iamsrk/status/1617788772892180483

ان کے اس ٹویٹ کو 30 لاکھ سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زیادہ لوگوں نے اسے لائیک کیا ہے اور ہزاروں لوگوں نے ری ٹویٹ کیا ہے جبکہ سینکڑوں لوگوں نے شاہ رخ خان سے طرح طرح کے سوالات پوچھے ہیں۔

شہزاد خان نامی ایک صارف نے لکھا: ’سر، پچھلے ہفتے میری شادی ہوئی ہے۔ پہلے ہنی مون پر جاؤں یا پٹھان دیکھوں؟‘

اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے اپنے انداز میں لکھا: ’بیٹا ایک ہفتہ ہو گیا ہے، ابھی تک ہنی مون نہیں کیا!!! اب اپنی بیوی کے ساتھ پہلے پٹھان دیکھو اور پھر ہنی مون پر جانا۔‘

ایک صارف نے پوچھا کہ کیا یہ فلم اہل خانہ کے ساتھ بیٹھ کر دیکھی جا سکتی ہے تو شاہ رخ خان کا جواب تھا ’میں نے کل ہی اپنی فیملی کے ساتھ اسے دیکھا، تو آپ بھی دیکھ سکتے ہیں۔‘

جسویندر سیٹھی نامی ایک صارف نے شاہ رخ خان کو ساڑھی میں ملبوس ایک خاتون کے روپ میں پیش کیا اور اس کے ساتھ ’فیمے فیٹالے‘ لکھا۔ اس پر شاہ رخ خان نے لکھا: ’ارے نہیں، یہ تو میں ہوں ایک خاتون کے روپ میں۔ میں جانتا ہوں کہ میں ہر اوتار میں دلکش ہوں، لیکن دوست آپ کو اپنے لیے ایک بہتر تلاش کرنا ہو گا۔ آپ کو گمراہ کرنے کے لیے معافی چاہتا ہوں۔‘

https://twitter.com/iamsrk/status/1617793840332804096

ایک صارف نے شاہ رخ خان کی لمبے بالوں والی تصویر پوسٹ کر کے پوچھا کہ لمبے بالوں کے لیے کوئی ٹپس یا مشورہ دیں تو شاہ رخ خان نے لکھا کہ ’ممی سے سر پر تیل کی مالش کروائیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

پٹھان: شاہ رخ خان کے لیے ان کی نئی فلم اتنی اہمیت کیوں رکھتی ہے؟

شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی دینے والے سادھو کی گرفتاری کا مطالبہ

اسی طرح ایک ایک صارف نے پوچھا کہ آپ جواب کے لیے سوالات یوں ہی چن لیتے ہیں یا ان کا دلچسپ ہونا ضروری ہے؟ اس کے جواب میں شاہ رخ خان لکھتے ہیں کہ ’دلچسپ بہتر ہے۔ نہیں تو ایک ہی قسم کے سوال اور وہی جواب ۔۔۔ یہ کسی ریاضی کی طرح نہیں لگے گا!‘

Getty Images

ان کے ایک مداح نے لکھا کہ انھوں نے رات 12 بجے کے شو کا ٹکٹ لیا ہے۔ اور جب وہ دیر سے لوٹ کر آئیں گے تو ان کے والد انھیں گھر میں داخل نہیں ہونے دیں گے تو ایسے میں وہ کیا کریں؟ ان کے مسئلے کا حل بتاتے ہوئے شاہ رخ خان لکھتے ہیں کہ ’گھر کے باہر ہی سو جاؤ۔ اور صبح ایسا ظاہر کرو کہ صبح کو دوڑ کر واپس آئے ہو!!! گڈ آئیدیا؟‘

اس کے علاوہ اور بھی دلچسپ سوالات اور جوابات تھے۔

ایک شحص نے لکھا کہ اجے دیوگن نے پٹھان کی ایڈاونس بکنگ پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس ٹویٹ پر شاہ رخ خان نے لکھا کہ اجے برسوں سے میری اور ہماری فیملی کے لیے حمایت اور محبت کے ستون کی طرح ہیں۔ وہ ایک حیرت انگیز اداکار اور خوبصورت انسان ہیں۔ مضبوط اور خاموش۔‘

یاد رہے کہ پٹھان فلم کا بجٹ 250 کروڑ سے زیادہ تھا جبکہ کئی میڈیا ہاؤسز کے مطابق ریلیز سے قبل ہی اس فلم نے مختلف رائٹس کے فروخت کے ذریعے اس سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔

فلمساز اور اداکار کے آر کے نے لکھا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان پہلے دن ہی تقریبا 40 کروڑ کا بزنس کرے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More