آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

اردو نیوز  |  May 26, 2023

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ جیتنے والی ٹیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 2021 سے 2023 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شریک نو ٹیموں کے درمیان کل 38 لاکھ ڈالر شیئر کیے جائیں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ جیتنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے جبکہ رنر اپ ٹیم کو آٹھ لاکھ ڈالر کی رقم انعام کے طور پر دی جائے گی۔

سنہ 2019 سے 2021 میں ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں بھی آئی سی سی نے کل انعامی رقم 38 لاکھ ڈالر مختص کی تھی جس کے تحت پہلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی فاتح نیوزی لینڈ کو 16 لاکھ ڈالر ملے تھے۔

آئی سی سی کے مطابق 38 لاکھ ڈالر کی مجموعی رقم نو ٹیموں میں تقسیم کی جائے گی جس کے تحت ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کی ٹیم کو ساڑھے چار لاکھ ڈالر ملیں گے جبکہ چوتھے نمبر پر موجود انگلینڈ کے حصے میں ساڑھے تین لاکھ ڈالر آئیں گے۔

    View this post on Instagram           A post shared by ICC (@icc)

اسی طرح سری لنکا جس کی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن ہے اسے دو لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا جبکہ نمبر چھ پر موجود نیوزی لینڈ، ساتویں نمبر پر موجود پاکستان، آٹھویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز اور نویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش کو ایک، ایک لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا۔

خیال رہے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل سات جون سے لندن کے دی اوول سٹیڈیم  میں آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More