مجھے کوئی ملا اور نہ ہی مذاکرات کیے گئے: عمران خان کی اڈیالہ جیل میں گفتگو

اردو نیوز  |  Dec 04, 2023

سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ لندن پلان نواز شریف کو لانے ہمیں جیلوں میں ڈالنے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے تھا۔

پیر کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سائفر کیس کی سماعت سے قبل عمران خان نے کمرۂ عدالت میں موجود میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی گفتگو  کے دوران کہا کہ ’آئندہ انتخابات پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔‘

اس موقعے پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’کسی عہدے کی ضرورت نہیں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔‘

صحافی نے سوال کیا کہ آپ سے کسی نے مذاکرات کیے ہیں؟ جس پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ ’مجھ سے کوئی ملا اور نہ ہی مذاکرات کیے گئے۔‘

’مجھے جیل سے کوئی فرق نہیں پڑتا‘حالات بتاتے ہیں کہ آپ کو طویل عرصے تک جیل میں رہنا پڑے گا؟ اس سوال پر عمران خان نے کہا کہ ’مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں جان دینے کو تیار ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نو مئی لندن پلان کا حصہ تھا، مجھے غیرآئینی طور پر پکڑا گیا۔ 48 گھنٹوں میں 10 ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔‘

’یاسمین راشد واضح طور پر کہہ رہی ہیں کہ لوگ کور کمانڈر ہاؤس کے اندر نہ جائیں۔ سی سی ٹی وی دیکھ لیں، ان کو کون اندر لے کر گیا۔‘

 عمران خان کا کہنا تھا کہ ’لندن پلان نواز شریف کو لانے، ہمیں جیلوں میں ڈالنے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے تھا۔‘

 سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ’انہوں نے بشریٰ بی بی کے سابق خاوند کے ذریعے جو کام کرایا ہے، جھوٹا الزام لگایا ہے، یہ اخلاق سے انتہائی گرے ہوئے لوگ ہیں۔ قسم اٹھانے کے لیے تیار ہوں، قرآن پر ہاتھ رکھنے کے لیے تیار ہوں کہ بشریٰ بی بی کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا۔‘

’آخری سانس تک لڑنے کو تیار ہوں‘عمران خان نے کہا کہ ’قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔ میں آپ کو واضح کر رہا ہوں کہ انتخابات پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔مجیب الرحمان نے 162 سیٹیں جیتی تھیں، اس کے خلاف انہوں نے کیا کِیا۔‘

’حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہ کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔ چھ اشاریہ ایک سات کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں۔ لوگ کیا پاگل ہیں، انہیں نہیں پتہ کہ انہوں نے کیا کِیا ہے۔‘

پی ٹی آئی کے لوگوں کے دلوں میں بس چکا ہوں: شاہ محمودایک صحافی کی جانب سے شاہ محمود قریشی سے بیرسٹر گوہر  ایڈووکیٹ کو پارٹی کا چیئرمین بنانے کے حوالے سے پوچھا گیا تو شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ ’مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔ مہاتما گاندھی کو آپ نے دیکھا تھا کہ اس کو کسی عہدے کی ضرورت نہیں تھی۔ اس وقت میں بھی اس سٹیج پر پہنچ چکا ہوں کہ مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

 شاہ محمود نے کہا ’میں پی ٹی آئی کے لوگوں کے دلوں میں بس چکا ہوں۔ عمران خان کے ساتھ کل بھی تھا۔ آج بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا۔ جو سابق چیئرمین اور قانون کی حکمرانی سے محبت کرتے ہیں اور نظریاتی ہیں وہ باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More