سی پیک نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چیئرمین چائنہ ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کی سربراہی میں چینی وفد سے ملاقات میں گفتگو

اے پی پی  |  Apr 23, 2024

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور گرین ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ترقی کا باعث بنے گا۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین چائنہ ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی لؤو ژاؤہوئی کی سربراہی میں چین کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی۔

وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔ سڈکا کے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے سڈکاکے پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیرِ نو کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے لوگوں کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور گرین ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ترقی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کیلئے اشتراک کا ایک اہم موقع ہے۔ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، احسن اقبال، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلی پاکستانی و چینی حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

وزیرِ اعظم دونوں ممالک کے مابین چار مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔ ان مفاہمتی یاداشتوں میں سیلاب کے بعد بحالی، اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی، جنکاؤ ٹیکنالوجی، منصوبہ سازی برائے چین پاکستان ترقیاتی تعاون (2024-28) شامل ہیں۔ اسکے علاوہ کوئٹہ میں ابتدائی طبی امداد سینٹر کیلئے لیٹر آف ایکسچینج اور عالمی ترقیاتی اقدام کے تحت افرادی قوت کی ترقی سے متعلق پروٹوکول پر بھی دستخط کئے گئے۔ یہ معاہدے پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔

وفاقی حکومت بلوچستان میں غربت میں کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے،چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کوئٹہ۔ 28 مئی (اے پی پی):چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں غربت میں کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اس کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبے کی خواتین کو معاشی سپورٹ فراہم کرتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں بی آئی ایس پی اقدامات کی کوآرڈینیشن اور نفاذ کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی ایاز خان مندوخیل، سیکرٹری انڈسٹریز نور احمد پرکانی، سیکرٹری کالجز حافظ طاہر، ڈی جی بی آئی ایس پی عبدالجبار و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایت پر دورہ کررہی ہے جنہوں نے بلوچستان پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی ہے جس سے صدر آصف علی زرداری کی بلوچستان سے دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو خصوصی توجہ دینے کے باعث ہی بلوچستان کے خواتین اور مردوں سے ہی پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس پروگرام پر عمل درآمد شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی لانے کے لیے اسکلز پروگرام بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کشیدہ کاری، مختلف چیزوں کی پیکنگ، لائیو اسٹاک اور ہیلتھ کیئر بہتر کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے اور اس کے علاوہ معیاری تربیت پر جانا ہوگا کیونکہ دنیا کو اب تربیت یافتہ ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More