صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، وزیراعلی خیبر پختونخوا

اے پی پی  |  May 28, 2024

پشاور۔ 28 مئی (اے پی پی):وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن منصوبہ سے علاقے کا 30 ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹینشن کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن منصوبہ علاقے کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا، اس منصوبے سے علاقے کا 30 ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا، منصوبے کے کمانڈ ایریا میں مزید آٹھ ہزار ایکڑ اراضی شامل کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ زراعت اور آبپاشی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، صوبے میں فوڈ سکیورٹی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے، نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں، صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہونگے، صوبے میں جو بھی کام ہوگا وہ ہر ضلع اور ہر تحصیل میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام میری ٹیم بنیں اور اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں، اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد اور بدعنوانی کے خلاف عوام میرا ساتھ دیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ سرکاری محکمے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلتے ہیں، سرکاری حکام کو عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہ ملتی ہے، سرکاری حکام عوام کی خدمت کریں اور ان کے مسائل مقامی سطح پر حل کریں، سرکاری حکام روایتی انداز سے ہٹ کر کام کریں اور عوام کے فوری نوعیت کے مسائل بروقت حل کریں۔وزیراعلی نے کہا کہ پولیس منشیات فروشوں اور مافیاز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے، منشیات فروش ہمارے بچوں کے دشمن ہیں انہیں علاقے سے نکالا جائے، عوام غلط کاموں کی نشاندہی کریں ہم بھر پور کارروائی کریں گے، ہم ظالم کے خلاف مظلوم اور کمزور کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

وزیراعلی نے کہا کہ ہمارا مقصد تعلیم اور علاج کی فراہمی ہے عمارتیں بنانا نہیں، جہاں پر بھی ضرورت ہو وہاں پر کرائے کی عمارت میں سکول اور کالج کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے وفاقی وزراء سے بات ہوئی ہے، لوڈشیڈنگ کم کی جائیگی۔ اس موقع پر وزیراعلی نے صوابی- ٹوپی روڈ کو دو رویہ کرنے، گدون میں کرائے کی عمارت میں ڈگری کالج کھولنے اور زیر تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال صوابی کو اسی سال مکمل کرنے کے لیے درکار فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More