امریکہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار نے کہا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش کرنے والے حملہ آور نے حملے سے پہلے ریلی کی جگہ کے ارد گرد ڈرون اڑایا تھا۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دی ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کی۔ یہ ڈرون ایف بی آئی نے برآمد کر لیا ہے جو تحقیقات میں مدد کر رہا ہے۔تھامس کروکس نے بٹلر فارم شو گراؤنڈ سے متصل ایک عمارت کی چھت سے متعدد راؤنڈ فائر کیے جہاں ٹرمپ خطاب رہے تھے۔ ڈرون کی موجودگی اور شوٹنگ سے پہلے کسی وقت اس کا استعمال اس بات کی وضاحت میں مدد کر سکتا ہے کہ کروکس اس جگہ سے فائر کیوں کرنا چاہتا تھا۔ایف بی آئی اس بات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے کہ کس چیز نے کروکس کو ٹرمپ پر حملہ کرنے پر اکسایا۔ ابھی تک حکام کو کوئی نظریاتی جھکاؤ نہیں ملا ہے جو اس کے ارادے کی وضاحت کرنے میں مدد دے سکے۔تھامس کروکس کے فون کی جانچ کرنے والے تفتیش کاروں کو ٹرمپ، صدر جو بائیڈن اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کی تصاویر ملیں اور یہ بھی پتہ چلا کہ اس نے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کی پیشی کی تاریخیں بھی دیکھی تھیں۔ اس نے ’میجر ڈپریسو آرڈر‘ کے بارے میں بھی معلومات تلاش کیں۔تحقیقات کے بارے میں مزید تفصیلات آنے والے ہفتے میں منظر عام پر آنے کی توقع ہے جب ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرس رے ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔