اس بار اسرائیل سے بالکل مختلف اور غیر روایتی طریقے سے انتقام لیں گے: ایران

سچ ٹی وی  |  Sep 09, 2024

ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلامی نے کہا ہے کہ اس بار اسرائیل سے بالکل مختلف اور غیر روایتی طریقے سے انتقام لیں گے اور وہ جان لے گا کہ شیر کی دم سے نہیں کھیلتے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلامی نے باور کرایا ہے کہ ہمارے رد عمل کا بھیانک خواب اسرائیل کو دن رات دہلا رہا ہے۔

حسین سلامی نے مزید کہا کہ اسرائیل کے حکام اور رہنما اپنا ذہنی توازن کھو چکے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر ہر لمحہ موت کے منتظر ہیں۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف نے مزید کہا کہ اسرائیل یہ نہ سمجھے کہ ضرب لگا کر فرار ہو جائے گا۔ وہ جان لے کہ ان کو بھرپور جواب دیا جائے گا جس سے وہ کسی صورت بچ نہیں سکیں گے۔

حسین سلامی نے کہا کہ اسرائیل کو سبق سیکھائیں گے جس سے وہ جان لے گا کہ شیر کی دم سے نہیں کھیلنا چاہیے۔

مقامی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف نے یہ نہیں بتایا کہ ایران جوابی کارروائی کب اور کس طرح کرے گا۔

یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ کو تہران کی ایک حساس عمارت میں اس وقت شہید کیا گیا تھا جب وہ نو منتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرکے رات قیام کے لیے اپنے کمرے میں پہنچے تھے۔

ایران اور حماس نے اس حملے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی تھی تاہم اسرائیل نے نہ تو تردید اور نہ ہی تصدیق کی۔

ایران نے متعدد بار باور کرایا ہے کہ وہ اسرائیل سے اپنی سلامتی کی خلاف ورزی پر کڑا انتقام لے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More