محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق رواں سال کا دوسرا چاند گرہن ملک بھر میں 18 ستمبر 2024 بروز بدھ کی صبح جزوی طور پر چند لمحات کے لیے نظر آئے گا۔
پاکستان میں مکمل چاند گرہن کا مشاہدہ اس لیے نہیں کیا جاسکتا کیونکہ گرہن کے وقت چاند افق کے نیچے ہوگا۔
خیال رہے کہ جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے تو اس موقع پر چاند گرہن ہوتا ہے۔
سورج کی روشنی جب زمینی فضا میں سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی کی نسبت لال رنگ کی روشنی زیادہ مڑ جاتی ہے اور اس وجہ سے گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے اور اسی وجہ سے اکثر اسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن کو جزوی گرہن لگنے کا آغاز 7 بجکر 13 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جزوی چاند گرہن صبح 7 بجکر 44 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا، جزوی چاند گرہن صبح 8 بجکر 16 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا اور 9 بجکر 47 منٹ پر مکمل اختتام کو پہنچے گا۔
اس کے علاوہ یورپ، ایشیا، افریقا، شمالی اور جنوبی امریکا کے ممالک میں چاند گرہن کے مشاہدے کا امکان ہے۔