افغان فورسز کی فائرنگ سے نو شہری ہلاک، سرحد بند

بی بی سی اردو  |  May 05, 2017

چمن سرحد

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن کے قریب گولہ باری سے نو افراد ہلاک اور کم از کم 42 زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد چمن سرحد کو بند کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح سرحد پار سے گولہ باری کے بعد شروع ہونے والی دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

دوسری جانب اس واقعے کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کیا اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق افغان ناظم الامور کو بتایا دیا گیا ہے کہ ’افغانستان کی جانب سے چمن کے علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد مارے گئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔‘

٭ اشرف غنی نے دورۂ پاکستان کی دعوت مسترد کر دی

٭ 33 روزہ بندش کے بعد پاک افغان سرحد کھول دی گئی

بیان کے مطابق ’افغان حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے اس سلسلے کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔‘

اس سے قبل چمن کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اختر نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ہسپتال میں لاشیں لائی گئیں ہیں۔

چمن سرحد

پاکستانی فوجی کے شبعہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ افغان سرحدی فورس نے چمن سرحد کے قریب ایک گاؤں میں مردم شماری کی سکیورٹی پر تعینات ایف سی کے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

شبعہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان حکام کو سرحد پر منقسم دیہات کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں مردم شماری کے بارے میں پیشگی طور پر آگاہ کر دیا گیا تھا تاہم افغان سرحدی فورس 30 اپریل سے مردم شماری کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

کلی لقمان اور کلی جہانگیر منقسم دیہات ہیں جو کہ سرحد کے دونوں جانب واقع ہیں۔

چمن

یہ پاکستان اور افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندہار اور دیگر جنوبی علاقوں کے درمیان اہم گزرگاہ ہے

چمن میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ گولے افغانستان کی جانب سے فائر کیے گئے۔

نامہ نگار محمد کاظم نے بتایا کہ انتظامیہ کے افسر کے بقول یہ گولے جمعہ کو علی الصبح فائر کیے گئے جو کہ پاکستانی سرحد کے حدود میں واقع دیہاتوں میں گرے۔

چمن

انتظامیہ کے اہلکار کے مطابق افغانستان کی جانب سے فائر کیے جانے والے گولوں کے بعد سرحدی علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

چمن کوئٹہ شہر سے اندازاً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال میں واقع ہے۔

یہ پاکستان اور افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندہار اور دیگر جنوبی علاقوں کے درمیان اہم گزرگاہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More