کرونا وائرس : پاکستان میں عیدالاضحیٰ سے قبل کھلی جگہوں پر مویشی منڈیوں پر پابندی

العربیہ  |  Jul 14, 2020

پاکستان میں حکام نے عید الاضحیٰ سے قبل کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے شہروں میں کھلی جگہوں پر مویشی اور بکرا منڈیوں لگانے پر پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

البتہ شہروں کے نواح میں 700 مخصوص مقامات پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لیے منڈیاں لگانے کی اجازت دی جائے گی۔ان مویشی اور بکرا منڈیوں کو صرف صبح سے شام تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی اور اس دوران میں لوگ اپنی پسند کے قربانی کے جانور خرید کرسکیں گے۔

دریں اثناء وزارت صحت کے حکام نے سوموار کو پاکستان میں کووِڈ-19کے مزید ایک سو افراد کی اموات کی اطلاع دی ہے۔اس طرح اب تک اس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 5297 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے 252714 کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان میں 161916 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گذشتہ دو ماہ میں آج پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے سب سے کم کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے نگران قومی کمان اور کنٹرول مرکز نے آج ایک اجلاس میں کھلی جگہوں پر مویشی منڈیوں پر پابندیاں عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس نے کہا ہے کہ قربانی کے جانور فروخت اور خرید کرنے والے تمام لوگوں کو سماجی فاصلے کے قواعد کی پاسداری کرنا ہوگی۔

پاکستان میں عیدالاضحیٰ کا 31 جولائی کو امکان ہے لیکن اس کا انحصار ذی الحجہ کےچاند کی رؤیت پر ہوگا۔بقرعید کے تین ایام میں صاحبِ استطاعت مسلمان قربانی کے جانور ذبح کرتے ہیں۔قربانی کے گوشت کا ایک حصہ غرباء اور مساکین ، ایک حصہ محلے داروں اورعزیز واقارب میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More