دیر:جرگے کے دوران فائرنگ،9 افراد جاں بحق،8 زخمی

سماء نیوز  |  Sep 20, 2021

دیر میں براول کےعلاقے بانڈہ گئی میں جرگہ کے دوران فاٸرنگ سے9 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پیر کی صبح  دیر کےعلاقے براول میں باچا منیر اور جہاں  عالم کے درمیان اراضی کے تنازع پر جرگہ منعقد کیا گیا۔ اس دوران فریقین میں تنازعہ ہوگیا اور تلخ کلامی پر دونوں جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال دیر منتقل کردیا گیا جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔انتظامیہ نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور لوگوں سے خون کےعطیہ کی اپیل کی ہے۔  4 شدید زخمیوں کو پشاور اور تیمرگرہ منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے اپر دیر میں جرگے میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او مالاکنڈ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔معظم جاہ نے کہا ہے کہ جلد ازجلد واقعے سے متعلق رپورٹ سی پی او کو ارسال کرکے ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔آئی جی پولیس نے جرگے کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ضلعی مصالحتی کمیٹیاں فعال بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More