پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھانے کےوقفے تک قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنالیے۔میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان بابراعظم ایک مرتبہ پھر اوور نائٹ اسکور میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور 76 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے، اسی طرح اظہر علی بھی 4 رنز کا اضافہ کرسکے اور 56 کے انفرادی مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔اس سےقبل ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کےکپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ شفیق 25 اور عابد علی 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
دوسری جانب ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل 86 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 50 منٹ پر شروع ہوا۔گزشتہ روز ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ایک اوور کا کھیل بھی ممکن نہ ہوسکا، دوسرے روز بارش کے باعث محض 6.2 اوورز ہی کرائے جاسکے تھے جبکہ پہلے روز بھی بارش کے باعث 57 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔پاکستان کو بنگلہ دیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کےمابین 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔