بڑی سیاسی پیش رفت، حافظ نعیم الرحمان کی بلاول بھٹو سے اہم ملاقات

سچ ٹی وی  |  Oct 03, 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے بلاول بھٹو زرداری کو فلسطین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل ایک سال سے غزہ کے لوگوں کی نسل کشی کررہا ہے، بدقسمتی سے اسرائیل کو روکنے والا کوئی نہیں، امریکا اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری اور پیپلزپارٹی کی ٹیم سے اچھی میٹنگ ہوئی، پیپلزپارٹی کو 7 اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، فلسطین کے مسئلے پر جماعت اسلامی اور ذوالفقار بھٹو کا مضبوط مؤقف رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جماعت اسلامی سے ملاقات میں فلسطین کے مسئلے پر بات ہوئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کے سیاسی اختلاف ایک طرف، فلسطین کے مسئلے پر ایک پیج پر ہیں، فلسطین کی صورتحال پر تمام پاکستان کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی غزہ میں مسلمانوں کے قتل عام کی آگاہی پر تعریف کرتے ہیں، تمام جماعتوں سے کہوں گا کہ غزہ کی آواز بننے کے لیے ساتھ دیں، نظریاتی اختلافات ایک طرف رکھتے ہوئے فلسطین کے مسئلے پر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو اس مسئلے پر ایک ساتھ کھڑے ہونا ہوگا، سیاسی جماعتیں اختلافات کی وجہ سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں، اس وقت پاکستان کی سیاست میں بھی یہ اچھی پیش رفت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے پر پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کا ساتھ دے گی، اتحاد کے ساتھ دنیا کو پیغام بھیجیں گے کہ ہم غزہ کی عوام اور ہم بےقصور مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں مسلمانوں کی سرزمین پر قبضے کی ایک نئی مہم اسرائیل نے 7 اکتوبر سے شروع کی، اسرائیل کی پوری سازش میں غزہ کے مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، اسرائیل کو عالمی انسانی حقوق کی کوئی پرواہ نہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More