صوبہ پنجاب کے شہر لودھراں سے تعلق رکھنے والے سکیورٹی گارڈ کی باصلاحیت بیٹی انٹرنیشنل کرکٹر بن گئی ہیں۔ 15 سالہ شہر بانو، آمنہ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول میں ساتویں کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے ملائیشیا میں جاری ویمنز انڈر 19 ٹی20 ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف میچ سے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔شہر بانو کے والد لیاقت عباس ملتان میں ایک ویئر ہاؤس میں بطور سکیورٹی گارڈ کام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خود اپنی بیٹی کے ساتھ گھر میں کرکٹ کھیلتے تھے، تاکہ وہ احساس کمتری کا شکار نہ ہو۔لیاقت عباس نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ’محلے کے لڑکے بار بار آ کر کہتے تھے، کہ آپ کی بیٹی تو لڑکوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہی ہے تو میں ان کو بتاتا کہ یہ ہے تو میری بیٹی لیکن بیٹوں جیسے کام کرے گی۔‘پیر کو نیپال کے ساتھ میچ سے قبل ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے شہربانو کو انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے پر مبارکباد دی۔ شہر بانو لیفٹ آرم فاسٹ بولر ہیں۔ نیپال نے اس میچ میں پاکستان کو شکست دے دی تھی۔شہر بانو نے اپنے ڈیبیو میچ میں تین اوورز میں 26 رنز دیے۔شہر بانو کے والد لیاقت عباس بتاتے ہیں کہ شہربانو ان کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں لیکن انہوں نے بڑے بچوں سے زیادہ سے زیادہ خوشی دی ہے۔ان کے بقول ’میرے دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں جن میں شہربانو سب سے چھوٹی ہے اور مجھے ایسی خوشی دی ہے، جس کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ بیٹی ہوتے ہوئے بھی بیٹوں جیسا کام کیا ہے۔‘ لیاقت عباس کے بڑے بیٹے حسن رضا آرمی میں ہیں، جبکہ دوسرے بیٹے یوسف عباس بھی آرمی میں جانے کے لیے اپلائی کر چکے ہیں۔ ایک بیٹی خدیجہ بی بی کی شادی کروا دی ہے جبکہ زینب بی بی نے میٹرک کے بعد پڑھائی چھوڑ چکی ہیں۔چک نمبر 48 ایم سے تعلق رکھنے والی شہر بانو ترین کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم سے کھیلتی ہیں۔ انہوں نے کرکٹ کا آغاز بھی اسی اکیڈمی سے کیا۔شہر بانو نے اپنے ڈیبیو میچ میں تین اوورز میں 26 رنز دیے۔ (فوٹو: سکرین گریب)لیاقت عباس کا کہنا ہے کہ شہربانو کو اکیڈمی پہنچانے میں ترین کرکٹ اکیڈمی کے ایک پچ کیوریٹر شہباز حیدر نے اہم کردار ادا کیا۔وہ بتاتے ہیں کہ ’میرے پاس شہباز حیدر آئے اور بتایا کہ آپ کی بیٹی بہت اچھا کھیلتی ہے۔ اگر آپ اجازت دیں تو ہم انہیں اکیڈمی میں کرکٹ سکھائیں گے، ہمیں امید ہے کہ یہ بہت آگے جائیں گی۔‘ لیاقت عباس کے مطابق شہباز حیدر نے انہیں بتایا کہ انہوں نے اجازت دے دی۔ان کے بقول ’میں چونکہ ملتان میں ہوتا ہوں اس لیے بچوں کو زیادہ وقت نہیں دے پاتا، اس لیے بھائی نے کہا کہ وہ شہربانو کو بائیک پر اکیڈمی چھوڑ دیا کریں گے۔‘لیاقت عباس بتاتے ہیں کہ چھوٹا بچہ سب کے لیے پیارا ہوتا ہے اور شہربانو نے تو ان کو ایسی خوشی دی ہے کہ وہ اب تک اس کیفیت کو نہیں بھول پا رہے۔ ترین کرکٹ اکیڈمی کے اونر علی خان ترین نے قومی انڈر 19 ٹیم میں منتخب ہونے پر شہر بانو کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ لیاقت عباس نے سکیورٹی گارڈ کی نوکری 2015 میں شروع کی۔ اس وقت ان کی تنخواہ 15 ہزار تھی جبکہ آج وہ 33 ہزار ماہانہ تنخواہ پر ایک ویئر ہاؤس میں نوکری کر رہے ہیں۔شہر بانو ترین کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم سے کھیلتی ہیں۔ (فوٹو: اکیڈمی)ان کا کہنا ہے کہ وہ دیہی علاقے میں رہتے ہیں جہاں لڑکیوں کی تعلیم پر کوئی خاص توجہ نہیں دی جاتی۔ ’سب کہتے تھے کہ وہ لڑکی ہے اور کرکٹ کھیل رہی ہے۔ میں کہتا تھا کہ میں بھی اپنی بیٹی کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں اس میں کوئی برائی نہیں۔‘لیاقت عباس کا کہنا تھا کہ جب انہیں خبر ملی کہ ان کے لیے سب کچھ تھم سا گیا تھا۔ ’ایک تو خوشی ہوتی ہے جبکہ ایک آپ خوشی سے سُن ہو جاتے ہیں، سب کچھ رک جاتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ بس یہ لمحہ رکا رہے اور بیٹی کے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی خبر پر میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔‘ان کی خواہش ہے کہ شہربانو اپنے ملک کے لیے مزید کھیلے اور نام روشن کرے۔’ہمیں یہ اندازہ ہو گیا کہ شہربانو اگر کرکٹ کھیلتی ہے تو کچھ اچھا ہی کر رہی ہے۔ ابھی خواہش یہ ہے کہ وہ اچھے سے اچھا کھیلے اور نام روشن کرے۔‘