ویلنٹائن ڈے پر چندرشیکھر کا جیکلین فرنینڈز کو خط، پرائیویٹ جیٹ دینے کا دعویٰ

اردو نیوز  |  Feb 15, 2025

کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی کردار سکیش چندرشیکھر نے ویلنٹائن ڈے پر بالی وُڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز کو ایک رومانوی خط لکھ کر انہیں پرائیوٹ جیٹ کا تحفہ دینے کا دعویٰ کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق نئی دہلی کی منڈولی جیل میں قید سکیش چندرشیکھر نے اس خط میں اداکارہ سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار بھی کیا ہے۔

سکیش چندرشیکھر نے اپنے خط کا آغاز کچھ یوں کیا کہ ’یہ ویلنٹائن ڈے اس لیے بھی بہت زیادہ خاص ہے کہ ہم اپنے آئندہ کے تمام ویلنٹائن ڈیز مل کر منانے سے محض ایک قدم دوری پر ہیں۔‘

انہوں نے لکھا ’جیکی! میں آپ سے سچی محبت کرتا ہوں، آپ اس دنیا کی بہترین ویلنٹائن ہیں۔ آپ جانتی ہیں کہ ہمارے پیار کا آغاز بھی ویلنٹاین ڈے ہی کو ہوا تھا۔‘

اس کے بعد انہوں نے اپنے خاص تحفے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ویلنٹائن ڈے ہے اور میں آج آپ کو سرپرائز دینا کیسے بھول سکتا ہوں۔‘

’آپ کا ویلنٹائن ڈے کا تحفہ خاص طور پر تیار کیا گیا کہ گلفسٹریم جیٹ ہے جس کے اندر اور باہر آپ کے نام کے ابتدائی حروف جے اور ایف لکھوائے گئے ہیں۔‘

سکیش چندرشیکھر نے خط میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس جیٹ کا رجسٹریشن نمبر جیکلین کی سالگرہ کے اعداد پر مشتمل ہے۔

’میں نے اس جیٹ کے نام ٹیکسز ادا کر دیے ہیں تاکہ یہ مکمل طور پر قانونی ہو۔‘

سکیش چندرشیکھر اور جیکلین فرنینڈز کی کچھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں (فائل فوٹو: ایچ ٹی)انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اس دنیا کے خوش قسمت ترین شخص ہیں جنہیں دنیا کا دلکش ترین اور شاندار انسان (جیکلین) میسر ہے۔ ’دعا ہے آپ عمر بھر میری ویلنٹائن رہیں۔‘

سکیش چندرشیکھر 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کے الزام میں سنہ 2015 سے دہلی کی منڈولی جیل میں قید ہیں۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو تحقیقات کے دوران ان کے اداکارہ جیکلن فرنینڈز کے ساتھ تعلقات کا پتا چلا تھا۔ اسی دوران اس جوڑے کی ایک ساتھ دو تصاویر بھی سامنے آئیں جن پر سوشل میڈیا بحث کافی چل پڑی تھی۔

تاہم جیکلین فرنینڈز نے سکیش کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے قانونی بزنس مین ہونے کا بتا کر مجھے دھوکہ دیا تھا۔

جیکلین نے یہ بھی کہا تھا کہ سکیش چندرشیکھر نے انہیں مختلف حربوں سے دھمکانے کی کوشش کی جس کے باعث وہ بہت زیادہ پریشان ہوئیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More