یورپ میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز سے پابندی ہٹنے کے بعد اب پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے بھی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ حال ہی میں ائیرلائن نے گراؤنڈ ہیڈلنگ، کیٹرنگ اور ہوٹل کریو کے لیے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔
برطانیہ کی ائیر ٹرانسپورٹ سیفٹی ٹیم اگلے ماہ 15 مارچ کو حتمی معائنے کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے۔ جبکہ پی آئی اے حکام نے اس ضمن میں اپنی تیاری شروع کر رکھی ہیں۔
قوی امکان ہے کہ معائنے کے بعد برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا جائے گا۔
پی آئی اے کے اعلٰی افسر جو ان میٹنگز میں موجود رہے ہیں انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہمارے مذاکرات اب حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ اور یہ ویسا ہی پراسیس ہے جس سے گزر کر ہمیں یورپ میں پروازوں کی اجازت ملی۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔ 15 مارچ کی شام تک یہ آخری میٹنگ مکمل ہو جائے گی اور اجازت ملتے ہی ٹکٹس کی بکنگ کھول دی جائیں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اپنی تیاریوں کو 15 مارچ کے ساتھ منسلک کر رکھا ہے۔ اس کے بعد جتنے دن چاہیں اس حساب سے پہلی پرواز 28 مارچ کو اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہو گی۔ جبکہ اس کے بعد لاہور سے بھی لندن اور برمنگھم کے پرانے روٹس پر اپریل میں پروازیں شروع ہوں گی۔‘
پی آئی اے افسران کے مطابق ’برطانیہ کے شعبہ ائیر ٹریفک سیفٹی کی ریویو میٹنگ سے پہلے ان کی تمام ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کر لیا گیا ہے۔ اور اب بس ضابطے کی کارروائی رہتی ہے۔ اور ہماری تیاریاں بھی اسی حساب سے شروع ہیں۔ تاکہ باقاعدہ اجازت ملتے ہی ہم مزید وقت ضائع نہ کریں۔‘
خیال رہے کہ جون 2020 میں یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے کی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
برطانیہ کی ائیر ٹرانسپورٹ سیفٹی ٹیم اگلے ماہ 15 مارچ کو حتمی معائنے کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے۔ فائل فوٹو: پی آئی اے آفیشل
اس پابندی کے محرکات میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والا حادثہ شامل تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت میں اس وقت کے وزیر ہوابازی غلام سرور نے پارلیمنٹ میں یہ بیان دیا تھا کہ پی آئی اے نے جعلی لائسنس پر پائلٹ بھرتی کر رکھے ہیں۔
اب اس پابندی کے ہٹنے کی صورت میں پانچ سال بعد دوبارہ برطانیہ کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔
پی آئی اے کے ترجمان اطہر اعوان کا کہنا ہے کہ ’پی آئی اے کی اپنی تیاری مکمل ہے تاہم تاریخ کا باضابطہ اعلان 15 مارچ کو ہونے والی حتمی میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔‘