لاہور میں ثقافتی میلہ ہارس اینڈ کیٹل شو اختتام پذیر، آرمی چیف اور مریم نواز کی شرکت

اردو نیوز  |  Feb 25, 2025

لاہور میں رنگا رنگ 16 روزہ ثقافتی میلہ ہارس اینڈ کیٹل شو اختتام پذیر ہو گیا ہے جس کی میزبانی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کی جبکہ آرمی چیف عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔

پیر کو ختم ہونے والے شو میں روایتی انداز میں سینکڑوں ڈھولچیوں نے ڈھول بجائے اور دائرے میں دیوانہ وار  گھومتے ہوتے ہوئے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

سبز ہلالی پرچم اٹھائے برق رفتار گھڑ سواروں نے نیزوں سے آگ سے جلتے کِلے اکھاڑنے کا مظاہرہ کیا۔ پہلوانوں کی دو ٹیموں نے کبڈی کا رستم پنجاب نمائشی میچ کھیلا۔

گھڑ سوار، رقص کرتے اونٹ، بکریوں، بھینسوں اور بھیڑوں کی نمائش بھی کی گئی۔

رنگا رنگ لباس پہنے مختلف  فنکاروں نے علاقائی رقص پیش کیا۔ سندھی، بلوچی اور کشمیری رقاص ٹولیاں بھی توجہ کا مرکز رہیں۔

تقریب میں راحت فتح علی خان اور عارف لوہار نے پرفارم کیا۔ کوریو گرافر وہاب شاہ اور ساتھیوں نے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ روایتی گیت ’شالا وسدا روے پنجاب‘ پیش کیا۔

ہارس اینڈ کیٹل شو میں 13 انٹرنیشنل ٹیموں کے کئی نامور غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ترکیہ، دوبئی، آذربائیجان، یوکرین اور ایتھوپیا سمیت 20 ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

لاہور میں پہلی مرتبہ شندور پولو کے مقابلوں سے بھی شہری محظوظ ہوئے۔ جیلانی پارک میں ڈاگ شو میں جرمن شیفرڈ اور دیگر اعلیٰ نسل کے ڈاگ عوام بالخصوص بچوں کی دلچسپی کا مرکز رہے۔

سات روزہ نیزہ بازی کے مقابلوں میں غیر ملکی ٹیموں نے شرکت کی۔ بزکشی، تیر اندازی اور گھڑ سواروں کے مقابلے بھی ہوئے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More