بالی وڈ سپر اسٹار گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا سے شادی کے 37 سال بعد طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑدی۔
گزشتہ روز بھارت کے سوشل میڈیا پیج پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان مبینہ طور پر طلاق آخری مراحل میں ہے۔
بھارتی میڈیا پر دونوں شخصیات کے درمیان طلاق کی وجہ گووندا کا 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ مبینہ تعلق بتایا گیا تھا تاہم اس حوالے سے دونوں شخصیات کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آسکی تھی۔
بھارتی میڈیا پر گووندا کے خاندان کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سنیتا نے چند ماہ قبل علیحدگی کا نوٹس بھیجا تھا تاہم گووندا کی جانب سے اس نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
طلاق کی قیاس آرائیاں سامنے آنے کے بعد جب بھارتی میڈیانے گووندا سے رابطہ کیا تو انہوں نے ان قیاس آرائیوں پر کوئی جواب نہیں دیا اور کہا کہ ’اہلیہ سے صرف کاروباری بات چیت ہورہی ہے جب کہ میری توجہ فلمیں بنانے پر مرکوز ہے‘ ۔
بعد ازاں بھارتی میڈیا کی جانب سے جب سنیتا سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب کرشنا سے گووندا اور سنیتا کی طلاق کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے واضح طور پر ان خبروں کی تردید کی اور کہاکہ یہ ممکن نہیں ہے، طلاق نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ایک انٹرٹینمنٹ پورٹل کی رپورٹ کے مطابق اداکار گووندا کے منیجر نے مبینہ طور پر تصدیق کی ہے کہ سنیتا اور گووندا کے درمیان کچھ مسائل ضرور ہیں۔
گووندا کے منیجر نے کہا کہ کچھ خاندانی افراد کے بیانات کی وجہ سے جوڑے کے درمیان کچھ مسائل پیدا ہوئے ہیں لیکن اس سے زیادہ کچھ نہیں اور گووندا اس وقت اپنی ایک فلم شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، ہم اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا کی شادی کو 37 سال کا عرصہ گزرچکا ہے اور جوڑے کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
سنیتا اور گووندا نے 1987 میں اس وقت شادی کی تھی جب گووندا بالی وڈ میں اپنی شناخت بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔