ماڈل و اداکار عمر شہزاد نے ایک روز قبل خانہ کعبہ سے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی تھی اور اب ان کی اہلیہ کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔
عمر شہزاد نے 25 فروری کو حرم شریف میں اہلیہ کے ہمراہ کھچوائی گئی تصاویر شیئر کی تھیں لیکن ان میں اداکار کی اہلیہ کا چہرہ نظر نہیں آ رہا تھا۔
ساتھ ہی اداکار نے اہلیہ سے متعلق کوئی معلومات بھی فراہم نہیں کی تھی، جس پر ان کے مداح پریشان دکھائی دیے تھے۔
نکاح کی تصدیق کرنے کے بعد عمر شہزاد اور ان کی اہلیہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنی تصاویر شیئر کی تھیں، جس سے ان کے مداح خوش دکھائی دیے۔
عمر شہزاد نے سوشل میڈیا انفلوئنسر شانزے لودھی سے شادی کی اور اداکار کی اہلیہ نے بھی انسٹاگرام اسٹوریز میں نکاح کی تصاویر شیئر کیں۔
شانزے لودھی کے انسٹاگرام پر 8 ہزار سے بھی کم فالوورز ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا شیئرنگ ایپلی کیشن پر 2019 میں اکاؤنٹ بنایا تھا۔
شانزے لودھی انسٹاگرام پر فٹنیس اور سیاحت کی پوسٹس شیئر کرتی دکھائی دیتی ہیں اور انہوں نے پہلے کبھی اداکار عمر شہزاد کے ہمراہ کوئی تصویر انسٹاگرام پر شیئر نہیں کی تھی۔
عمر شہزاد کی اہلیہ کی تصاویر سامنے آنے پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے لیے دعائیں کیں جب کہ صارفین نے اداکارہ کی اہلیہ کو خوبصورت بھی قرار دیا۔