معروف ویڈیو جوکی( وی جے) ، اداکارہ و میزبان انوشے اشرف کا کہنا ہے کہ بولی وڈ اداکار سلمان خان نے انہیں ان کے پاکستانی ہونے کی وجہ سے انٹرویو دیا تھا۔
انوشے اشرف نے حال ہی میں ’سماء‘ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ میوزک چینلز کے ساتھ پاکستان میں ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوئے تھے، تاہم چینلز بند ہونے سے بہت سے افراد بے روزگار ہوگئے۔
میوزک چینلز بند ہونے کے اثرات کے حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ وہ ہم سب کے لیے مشکل وقت تھا، اس سے بہت سے فنکاروں کا کاروبار بند ہوا اور ان کی مقبولیت میں کمی آئی۔
ماڈل کا کہنا تھا کہ اب ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر میوزک انڈسٹری بحال ہو رہی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ڈراؤنی فلمیں بہت پسند ہیں اور اگر موقع ملے تو وہ کسی ڈراؤنے ڈرامے یا فلم میں کام کرنا پسند کریں گی۔
انوشے اشرف نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کے انٹرویو کے حوالے سے تجربہ بھی شیئر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان کا انٹرویو لینا زندگی کا بہترین تجربہ رہا۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب ہم بھارت گئے تو سلمان خان کے انٹرویو کے لیے ان کی ٹیم سے درخواست کی اور ان کی شوٹنگ کے مقام پر چلے گئے۔
انوشے اشرف کے مطابق وہاں ان کے علاوہ مزید 100 افراد انٹرویو کے لیے آئے ہوئے تھے۔
تاہم، جب سلمان خان کو معلوم ہوا کہ ہم پاکستان سے ہیں اور ان کا انٹرویو لینا چاہتے ہیں تو انہوں نے سب سے پہلے ہمیں انٹرویو دیا۔
وی جے کے مطابق بولی وڈ اداکار نے کہا کہ یہ پاکستان سے آئے ہیں اس لیے ہمارے مہمان ہیں۔
جب کہ شادی کے حوالے سے انوشے اشرف کا کہنا تھا کہ شادی بہت سوچ سمجھ کر اور دوسرے انسان کو جاننے کے بعد کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ انوشے اشرف گزشتہ سال ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، شادی کی اطلاع بھی انہوں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دی تھی۔