ثقلین مشتاق کا بھارتی ٹیم کو بڑا چیلنج

سچ ٹی وی  |  Mar 02, 2025

پاکستان کے سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے بھارت کو چیلنج دیا ہے کہ اگر وہ واقعی اچھی ٹیم ہے تو ثابت کرے۔

پاک بھارت کرکٹ ہمیشہ سے ہی سب سے زیادہ جوش و جذبے سے بھرپور رہی ہے، مگر حالیہ برسوں میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں واضح فرق نظر آ رہا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج میں ہونے والے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ انداز میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا، جس سے یہ بحث شروع ہوگئی کہ آیا یہ روایتی کرکٹ مقابلہ اپنی کشش کھو چکا ہے یا نہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران ثقلین مشتاق نے بھارت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم خود کو واقعی ایک بہترین ٹیم سمجھتی ہے تو پاکستان کے خلاف 10 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تاکہ سب کچھ واضح ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم سیاست کو ایک طرف رکھیں، تو بھارتی کھلاڑی واقعی اچھے ہیں اور وہ بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

ثقلین مشتاق نے تسلیم کیا کہ پاکستان ٹیم کو اس وقت کئی مسائل کا سامنا ہے اور حالیہ برسوں میں کپتانی، سلیکشن کمیٹی، مینجمنٹ اور پی سی بی کے عہدیداروں میں مسلسل تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر تیاری بہتر ہو اور صحیح سمت میں کام کیا جائے تو ٹیم بھارت سمیت دنیا بھر کو مضبوط جواب دے سکتی ہے۔

ثقلین مشتاق کے اس چیلنج نے کرکٹ کے شائقین میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

واضح رہے کہ ہوم گراؤنڈ پر 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنیوالی پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کے ابتدائی 2 میچز میں بدترین شکست کے بعد باہر ہوگئی تھی جبکہ بنگلادیش کیخلاف آخری لیگ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More