آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری

ہم نیوز  |  Mar 02, 2025

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے 12ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان آج کا میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما اور نیوزی لینڈ کی قیادت مچل سینٹنر کر رہے ہیں۔

بھارت کی پہلی وکٹ 15 کے مجموعی اسکور پر ہی گر گئی۔ جب بھارتی کھلاڑی شبھ من گل 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بھارتی ٹیم کو 5ویں اوور میں 22 کے مجموعی اسکور پر دوسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ٹیم کے کپتان روہت شرما 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی تیسری وکٹ 30 کے مجموعی اسکور پر گری۔ جب ویرات کوہلی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ 128 کے مجموعی اسکور پر گری۔ اکشر  پٹیل 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ 172 کے مجموعی رنز پر گر گئی۔ شریاس ائیر 79 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے بہترین اننگز کھیلی۔

کیوی کپتان نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔ ڈیون کانوے کی جگہ ڈیرل مچل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ کافی اچھی لگ رہی ہے۔ اور بھارت کو جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا تمام اکیڈمیز تک نوجوان کھلاڑیوں کو رسائی دینے کا فیصلہ

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اسپنرز نے گزشتہ میچ میں اہم کردار ادا کیا۔ اور ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل  کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ نے بھی سیمی فائنل مقابلوں میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پہلا سیمی فائنل 4 جبکہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More