انڈیا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
منگل کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں انڈیا نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ وراٹ کوہلی نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 84 رنز بنائے۔ جبکہ شریاس ائیر 45 اور کے ایل راہل 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کوہلی کو ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس کے بیٹرز اس بڑے میچ میں زیادہ سکور نہ بنا پائے اور پوری ٹیم 50 ویں اوور میں 264 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انڈیا کے فائنل میں پہنچنے کے بعد اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی میں ہو گا۔
انڈیا کی اننگز
265 رنز کے تعاقب میں انڈین اوپنرز نے اپنے روایتی کھیل کا آغاز کیا۔ روہت شرما نے اپنی جارحیت سے نہ تجربہ کار آسٹریلوی پیس اٹیک کی کمزوریوں کو آشکار کیا۔ تاہم پانچویں اوور میں شبھمن گِل بین ڈوارشوئس کی ایک گیند کو کھیلتے ہوئے ان سائیڈ بولڈ ہو گئے۔ آسٹریلیا کو دوسری وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتطار نہ کرنا پڑا اور روہت شرما 28 رنز بنا کر کوپر کونولی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس موقع پر آسٹریلوی بولرز دباؤ کو برقرار نہ رکھ سکے اور وراٹ اور شریاس کے درمیان قیمتی 91 رنز کی شرکات داری بنی۔ جس کے بعد شریاس ائیر کو زمپا نے بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 45 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کو اپنے تجربہ کار بولرز کی کافی محسوس ہوئی کیونکہ وراٹ کی دلکش اننگز کے آگے کوئی بند باندھنے والا نہ تھا۔ انہوں نے 53 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ اور ساتھی بیٹرز کے ساتھ قیمتی شراکت داریاں بناتے چلے گئے۔
شریاس ائیر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اکشر پٹیل 27 رنز بنا کر ایلس کا نشانہ بنے جبکہ وراٹ کوہلی 84 رنز بنا کر زمپا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
انڈیا کے لوئر آرڈر نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ہاردک پانڈیا تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کے ایل راہل 34 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی اننگز
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ صرف چار رنز کے مجموعی سکور پر تیسرے اوور میں اس وقت گری جب اوپنر کوپر کورولی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
وہ محمد شامی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ایل راہل کو کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔
کینگروز کو دوسرا نقصان 54 رنز کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی تیسری اور چوتھی وکٹ بالترتیب 110 اور 144 رنز کے مجموعی سکور پر گری، مارنس لیبوشگن 29 رنز اور جوش انگلس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین میکسویل سات رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجا اور محمد شامی نے دو دو جبکہ ورون چکرورتھی اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ایڈم زمپا سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
اس میچ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے میٹ شارٹ کی جگہ کُوپر کونولی جبکہ سپینسر جانسن کی جگہ تنویر سنگھا کو ٹیم میں شامل کیا۔
انڈیا کا سکواڈ
روہت شرما (کپتان)، شمبن گل، وراٹ کوہلی، شریاس ایر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، محمد شامی، کلدیپ یادیو اور ورون چکر ورتھی۔
آسٹریلیا کا سکواڈ
سٹیو سمتھ (کپتان)، کوپر کونولی، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشگن، جوش انگلس، ایلکس کیری، گلین میکسویل، بین ڈوارشوئس، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا اور تنویر سنگھا۔